ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ترال میں سیاسی مافیا عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں: ڈاکٹر ہربخش
ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے کہا ہے کہ ترال میں سیاسی مافیا عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

Published : February 23, 2026 at 11:59 AM IST
ترال، پلوامہ جموں وکشمیر (شبیر بھٹ): کشمیر میں روایتی سیاسی پارٹیوں نے ہمیشہ لوگوں کو سبز باغ دکھاکر ان کے حقوق پر شب خون مارا ہے۔ تاہم جیلوں میں بند پڑے قیدیوں کی رہائی کو لے کر کوئی بات ہی نہیں کرتا۔ ان خیالات کا اظھار جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے ترجمان اور ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے ترال میں ایک پارٹی پروگرام کے بعد ذرائع ابلاغ کے ساتھ کیا۔
اس موقع پر کئی افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے بتایا کہ بطور ڈی ڈی سی انہوں نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران حتی الامکان کوشش کی ہے کہ عوامی نوعیت کے معاملات کا ازالہ ہو جائے اور اس بارے میں صحت اور تعلیم ان کی ترجیحات میں شامل رہی۔

ممبران اسمبلی کا کام دوسروں کے کاموں کے ربن کاٹنا
اپنی پارٹی کے ترجمان اور ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے کہا کہ آج کے ممبران اسمبلی ڈی ڈی سی کونسل کی جانب سے منظور کرائے گئے کاموں کے ربن کاٹ رہے ہیں۔ جو کسی بھی طرح ان کا کام ہی نہیں ہے۔ ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے کہا کہ ترال علاقے میں سیاسی دلال سرگرم ہوچکے ہیں جو نوکریوں اور تبدیلیوں کے عوض عوام سے رقومات اکٹھا کر رہے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔


قیدیوں کو رہا کرنے کے عوض بھاری معاوضے کی وصولی
قیدیوں کو رہا کرنے کے عوض بھاری معاوضے کی وصولی کی بھی خبر ہے۔ اپنی پارٹی کے ترجمان اور ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے مزید کہا کہ جیلوں میں بند افراد کو رہا کرنے کے عوض بھی یہ لیڈران روپے اکٹھا کر رہے ہیں جس کی جانب انتظامیہ کو توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہ لوگ ان کو رہا کراکے صرف اپنی تجوریاں بھرنا چاہتے ہیں۔

