ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پولیس نے ضلع کے 3000 سے زائد نوجوانوں کو کھیلوں سے جوڑا
پلوامہ پولیس نے رواں برس کےدوران ضلع بھرمیں بےشمار اسپورٹس ایونٹس منعقد کئے،جس کامقصدنوجوانوں کونشے سے دورکرنا اورکھیل کود کی دنیا سے متعارف کروانا تھا


Published : December 30, 2025 at 5:29 PM IST
پلوامہ(سید عادل مشتاق): وادی کشمیر میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور صحت سے جوڑنے کے لئے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے سال بھر مختلف کھیل سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
اسی کا حصہ بنتے ہوئے پلوامہ پولیس نے بھی رواں سال کے دوران ضلع بھر میں بے شمار اسپورٹس ایونٹس منعقد کئے، جن میں کرکٹ، والی بال، میراتھن اور دیگر کھیل شامل ہیں۔ ان مقابلوں کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا اور سماجی برائیوں خصوصاً منشیات جیسے خطرناک رجحانات سے دور رکھنا ہے۔
اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے پلوامہ ضلع کے لاسی پورہ علاقے میں منعقدہ والی بال ٹورنامنٹ آج اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی تقریب میں ایس ایس پی پلوامہ تنوشری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود رہے جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے عزم کو سراہا۔
تقریب میں شریک کھلاڑیوں نے پلوامہ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے پورے سال مختلف کھیل مقابلوں کا انعقاد کرکے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس سے نہ صرف نوجوانوں کو اپنی قابلیت دکھانے کا پلیٹ فارم ملتا ہے، بلکہ پولیس اور عوام خاص طور پر نوجوانوں کے درمیان مثبت رابطے بھی مضبوط ہوتے ہیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی پلوامہ تنوشری نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران پولیس نے ضلع میں تین ہزار سے زائد نوجوانوں کو کھیلوں سے جوڑ لیا ہے، جو کہ ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج لڑکوں کا ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا، جبکہ آنے والے دنوں میں لڑکیوں کے لئے بھی اسی نوعیت کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس کا مقصد نوجوانوں کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنا ہے اور انہیں ایک مثبت پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ایک روشن مستقبل کو تشکیل دے سکیں۔
مزید پڑھیں: پولیس کی جانب سے پلوامہ میں تین روزہ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا آغاز
پلوامہ پولیس کی اس کوشش نے نہ صرف ضلع میں کھیلوں کے فروغ کو تقویت دی ہے،بلکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد اور تعاون کے رشتے کو بھی مزید مضبوط بنایا ہے۔

