ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پلوامہ: پنگلینہ میں پانی کی شدید قلت، مکینوں کا سڑک بند کر کے احتجاج
مقامی باشندوں کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے علاقے میں سپلائی کا پانی دستیاب نہیں ہے۔ یہ صورتحال محکمے کی غفلت سے پیدا ہوئی ہے۔


Published : June 29, 2026 at 2:17 PM IST
پلوامہ (سید عادل مشتاق): جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنگلینہ علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف مقامی لوگوں نے پیر کی صبح پلوامہ سرینگر سڑک پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور پر نلکے کے پانی کی فراہمی بحال کی جائے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے علاقے میں نلکے کا پانی دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے شدید گرمی کے موسم میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی نے روزمرہ زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے اور انہیں کئی کلومیٹر دور سے پانی لانا پڑ رہا ہے۔
رہائشیوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ محکمہ کے مقامی عملے کی غفلت کے باعث یہ صورت حال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے ذمہ دار اہلکاروں کے تبادلے اور پانی کی فوری بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔ احتجاج کے بعد پلوامہ پولیس اور محکمہ جل شکتی کے ایگزیکٹو انجینئر بلال احمد موقعے پر پہنچے اور مظاہرین سے بات کی، جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا اور ٹریفک کی آمدورفت بحال ہو گئی۔
مزید پڑھیں:یاسین ملک سمیت پانچ ملزمان کے خلاف 35برس پرانے قتل کیس میں چارج شیٹ تیار
ایگزیکٹو انجینئر جل شکتی پلوامہ، انجینئر بلال احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چشمہ میں پانی کم ہونے کی وجہ سے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ متبادل انتظامات پر کام کر رہا ہے اور جب تک نلکے کے پانی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہیں ہوتی، تب تک پنگلینہ علاقے کو روزانہ پینے کا پانی ٹینکروں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔

