ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کی مبینہ آؤٹ سورسنگ کے خلاف پی ڈی پی کا شدید احتجاج

اننت ناگ میں پی ڈی پی کے ترجمان نجم الثاقب کی قیادت میں کارکنان نے وزیر باغ سے احتجاجی ریلی نکالی۔

جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کی مبینہ آؤٹ سورسنگ کے خلاف پی ڈی پی کا شدید احتجاج
جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کی مبینہ آؤٹ سورسنگ کے خلاف پی ڈی پی کا شدید احتجاج (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : June 30, 2026 at 1:58 PM IST

|

Updated : June 30, 2026 at 3:33 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ / پلوامہ: جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کی مبینہ آؤٹ سورسنگ اور بیک ڈور تقرریوں کے خلاف پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے منگل کے روز اننت ناگ اور پلوامہ میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نوجوانوں سے کیے گئے روزگار کے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے اور میرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر پسندیدہ افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کی مبینہ آؤٹ سورسنگ کے خلاف پی ڈی پی کا شدید احتجاج (ETV Bharat)

اننت ناگ میں پی ڈی پی کے ترجمان نجم الثاقب کی قیادت میں کارکنان نے وزیر باغ سے احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سرکاری ملازمتوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر سخت احتجاج کیا، تاہم پولیس نے ریلی کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم الثاقب نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ بے روزگار نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ہزاروں سرکاری اسامیاں بغیر کسی اشتہار، نوٹیفکیشن یا شفاف انتخابی عمل کے مخصوص افراد اور پارٹی سے وابستہ لوگوں میں تقسیم کی گئی ہیں، جس سے میرٹ کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں کی مبینہ آؤٹ سورسنگ اور بیک ڈور تقرریوں کی اعلیٰ سطحی یا عدالتی نگرانی میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ تمام حقائق عوام کے سامنے آئیں اور اگر کسی قسم کی بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کی مبینہ آؤٹ سورسنگ کے خلاف پی ڈی پی کا شدید احتجاج (ETV Bharat)

ادھر ضلع پلوامہ میں بھی پی ڈی پی کے ضلعی صدر غلام محمد میر، سینئر رہنما ایڈووکیٹ بلال احمد اور یوتھ لیڈر مزمل منظور کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے پی ڈی پی دفتر کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "Jobs Not For Sale" درج تھا، جبکہ انہوں نے حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ بعد ازاں مظاہرین نے مرکزی شاہراہ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے پیشگی اجازت نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان مختصر بحث بھی ہوئی، تاہم صورتحال پُرامن رہی۔

احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے غلام محمد میر نے کہا کہ ملازمتوں کی آؤٹ سورسنگ کا معاملہ نوجوانوں میں شدید بے چینی پیدا کر رہا ہے اور حکومت کو فوری طور پر اپنی پالیسی عوام کے سامنے واضح کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل اور مستحق نوجوانوں کے روزگار کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔ پی ڈی پی کے سینئر رہنما ایڈووکیٹ بلال احمد نے کہا کہ "آؤٹ سورسنگ محض ایک اسکیم نہیں بلکہ ایک بڑا اسکینڈل ہے۔"

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسدادِ بدعنوانی بیورو (اینٹی کرپشن بیورو) میں زیرِ التوا تمام مقدمات کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ اگر کسی بھی سطح پر بے ضابطگی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔ پی ڈی پی یوتھ کے ضلعی صدر مزمل منظور نے الزام عائد کیا کہ حکومت مبینہ طور پر ذاتی اور سیاسی مفادات کے تحت آؤٹ سورسنگ کے ذریعے ملازمتیں تقسیم کر رہی ہے، جبکہ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے نوجوانوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور حکومت کو فوری طور پر شفاف بھرتی کا نظام یقینی بنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ضلع کشتواڑ میں کرایہ داروں اور نجی شعبے کے ملازمین کی پولیس تصدیق لازمی، ڈپٹی کمشنر کا حکم جاری

پی ڈی پی رہنماؤں نے واضح کیا کہ جب تک حکومت ملازمتوں کی آؤٹ سورسنگ، مبینہ بیک ڈور تقرریوں اور بھرتی کے عمل پر مکمل وضاحت پیش نہیں کرتی اور شفاف تحقیقات کا اعلان نہیں کرتی، تب تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کے مستقبل کے تحفظ، میرٹ کی بحالی اور عوامی اعتماد قائم رکھنے کے لیے حکومت فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

Last Updated : June 30, 2026 at 3:33 PM IST