ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پونچھ میں نئے سال کے موقع پر پاکستانی ڈرون کی دراندازی، سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ بیگ برآمد کیا
جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک پاکستانی ڈرون دیکھے گیا ہے۔

Published : January 1, 2026 at 12:30 PM IST
جموں ( محمد اشرف گنائی): ایک طرف جہاں پوری دنیا نئے سال کا جشن منا رہی ہے، وہیں دوسری جانب پاکستان کی جانب سے مشتبہ کارروائیاں جاری ہیں۔ نئے سال کے موقع پر جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک پاکستانی ڈرون دیکھے جانے سے سیکیورٹی ایجنسیوں میں ہلچل مچ گئی۔ ڈرون کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس الرٹ ہو گئی اور علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
جانکاری کے مطابق پاکستانی ڈرون لائن آف کنٹرول کے نزدیک پونچھ کے کھاڑی کرماڑہ علاقے میں بھارتی حدود میں داخل ہوا اور تقریباً پانچ منٹ سے زائد وقت تک بھارتی فضائی حدود میں موجود رہا۔
ڈرون کی نقل و حرکت کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی، جس کے دوران لائن آف کنٹرول کے قریب ایک مشتبہ بیگ (پیکٹ) برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ بیگ کو فوری طور پر تحویل میں لے کر جانچ کے لیے متعلقہ ایجنسیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے مندرجات کی تفصیلی تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق خفیہ ایجنسیاں ڈرون کے فلائٹ ٹریک اور ممکنہ مقاصد کی جانچ کر رہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ڈرون کے ذریعے کسی تخریبی کارروائی کی کوشش کی گئی تھی یا نہیں۔
اس معاملے پر بھارتی فوج کی جانب سے باضابطہ بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔ دفاعی ترجمان جموں سنیل برتوال نے اپنے بیان میں کہا کہ پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک مشتبہ پیکٹ برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں تفصیلی سرچ آپریشن جاری ہے۔ مزید تفصیلات کی تصدیق کی جا رہی ہے اور جیسے ہی حقائق سامنے آئیں گے، انہیں شیئر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:

