ETV Bharat / jammu-and-kashmir

عمر عبداللہ کا ٹنگمرگ میں خطاب: تعلیم، روزگار اور خود انحصاری پر زور

عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ عید کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع میں دیگر اہم مسائل پر بھی کھل کر بات کریں گے۔

عمر عبداللہ کا ٹنگمرگ میں خطاب: تعلیم، روزگار اور خود انحصاری پر زور
عمر عبداللہ کا ٹنگمرگ میں خطاب: تعلیم، روزگار اور خود انحصاری پر زور (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 6, 2026 at 7:03 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے ٹنگمرگ میں عمر عبداللہ نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خطے کے مختلف مسائل، بالخصوص تعلیم، روزگار اور گورننس کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے مغربی بنگال کے حالیہ انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پیش آنے والے حالات مناسب نہیں تھے اور ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے جانے کی شکایات سامنے آئیں، تاہم اب نتائج آ چکے ہیں اور بی جے پی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

عمر عبداللہ کا ٹنگمرگ میں خطاب: تعلیم، روزگار اور خود انحصاری پر زور (ETV Bharat)

اپنے خطاب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ عید کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع میں دیگر اہم مسائل پر بھی کھل کر بات کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ کو جموں و کشمیر کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم، روزگار اور معاشی مواقع کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے خطے میں معیاری نجی یونیورسٹیوں کی کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث طلبہ کو باہر کے ریاستوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے حکومت نے نجی یونیورسٹی بل منظور کیا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے قواعد تیار کیے جا رہے ہیں۔

روزگار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری نوکریاں بے روزگاری کا مکمل حل نہیں ہیں، تاہم حکومت نے رواں سال 20 سے 25 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ ساتھ ہی "مشن یووا" جیسے پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے سیاحت اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ پروگراموں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو عملی اور مؤثر تربیت فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: خاص انٹرویو: سونم وانگچک نے لداخ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، کہا۔۔ "حکومت دل کے درد کے لیے سر درد کی دوا دے رہی ہے"

عمر عبداللہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ حکومت کا مقصد ایک مضبوط اور خود کفیل جموں و کشمیر کی تعمیر ہے، جہاں مقامی سطح پر مواقع پیدا ہوں اور مرکز پر انحصار کم سے کم ہو۔