ETV Bharat / jammu-and-kashmir
نشہ مکت ابھیان کے ایک تحت رامبن میں خاتون منشیات فروش گرفتار
فوری کارروائی کرتے ہوئے، ایس ایچ او رامبن کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے ملزمہ کے گھر کی تلاشی لی۔

Published : May 2, 2026 at 8:59 PM IST
رامبن: (نواز رونیال) ضلع پولیس رامبن نے منشیات کے خلاف جاری مہم میں ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ جو لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر کی جانب سے شروع کی گئی 100 روزہ “نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان” کا حصہ ہے۔
پولیس اسٹیشن رامبن کو موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع کے مطابق، شبنم بیگم زوجہ محمد یونس، ساکن وارڈ نمبر 1 رامبن، جو مبینہ طور پر منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ اس نے اپنے رہائشی مکان میں غیر قانونی منشیات (چرس جیسا مادہ) چھپا رکھا تھا، جسے وہ مقامی نوجوانوں میں فروخت اور تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔
فوری کارروائی کرتے ہوئے، ایس ایچ او رامبن کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے ملزمہ کے گھر کی تلاشی لی۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن رامبن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20 کے تحت ایف آئی آر نمبر 98/2026 درج کی گئی۔
محمد یونس کے مکان کی تلاشی ای ایم آئی سی رامبن کی موجودگی میں تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے لی گئی، جس دوران تقریباً 97.95 گرام چرس نما منشیات، ایک سیاہ پلاسٹک بیگ اور 74,550 روپے نقد رقم برآمد کرکے ضبط کر لی گئی۔
ملزمہ شبنم بیگم کو اس مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وہ اس سے قبل بھی منشیات سے متعلق دو مقدمات میں ملوث رہ چکی ہے، اور موجودہ مقدمہ اس کی تیسری مرتبہ شمولیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ضلع پولیس رامبن نے منشیات کے خاتمے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دے کر پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

