ETV Bharat / jammu-and-kashmir
این سی کی اتحادی کانگریس نے بجلی کے نرخوں میں غیر معقول اضافے کی مخالفت کی
جے ای آر سی کے حکم کے مطابق، نظرثانی شدہ نرخ 1 ستمبر 2026 سے لاگو ہوں گے۔

Published : August 24, 2026 at 8:57 PM IST
سری نگر: جموں و کشمیر میں حکمراں نیشنل کانفرنس کی اتحادی جماعت کانگریس نے منتخب حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں اضافے پرمخالفت کی ہے۔کانگریس جس کے چھ ایم ایل اے ہیں اور حکومت میں نیشنل کانفرنس کی حمایت کرتی ہے، نے اس اضافے کو جموں و کشمیر کے لوگوں پر غیر منصفانہ مالی بوجھ قرار دیا ہے۔
جے اینڈ کے کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ بجلی کوئی عیش و آرام نہیں ہے، بلکہ ایک ضروری خدمت ہے۔ لوگ سستی اور قابل اعتماد بجلی کے مستحق ہیں، نہ کہ بڑھتے ہوئے بلوں کے۔ انڈین نیشنل کانگریس عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہوگی اور ان پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈالنے والے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرے گی۔
جموں و کشمیر اور لداخ کے لیے جوائنٹ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن (جے ای آر سی) نے مالی سال 2026-27 کے لیے جموں و کشمیر میں بجلی کے نرخوں میں اوسطاً 6.83 فیصد اضافے کو منظوری دی ہے۔
جے ای آر سی کے حکم کے مطابق، نظرثانی شدہ نرخ 1 ستمبر 2026 سے لاگو ہوں گے۔ اس تاریخ سے استعمال ہونے والی بجلی کا بل نئے نرخوں پر ادا کیا جائے گا۔
کمیشن نے کہا کہ جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (جے پی ڈی سی ایل) اور کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) نے محصولات کے بڑے فرق کو پورا کرنے کے لیے ٹیرف میں نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ (جن کے پاس پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا قلمدان بھی ہے) سمیت حکمران جماعت کی طرف سے اضافے کا دفاع کیا جا رہا ہے، لیکن پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی اور اپنی پارٹی نے اس کی سخت مخالفت کی ہے۔
پی ڈی پی اور اپنی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے وادی کشمیر میں الگ الگ احتجاجی مظاہرے کیے، جب کہ بی جے پی رہنماؤں نے بجلی کے بلوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بیانات جاری کیے۔

