ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پلوامہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے متعدد بلاک دیوس پروگرام منعقد کئے گئے
جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ضلع اتظامیہ کی جانب سے سب سے بڑا پروگرام کاکا پورہ میں منعقد کیا گیا۔

Published : December 31, 2025 at 5:01 PM IST
پلوامہ (سید عادل مشتاق):ضلع انتظامیہ پلوامہ کی جانب سے آج ضلع کے مختلف بلاکوں میں بلاک دیوس پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، جن میں سب سے بڑا مرکزی پروگرام بلاک کاکا پورہ میں منعقد ہوا۔ اس اہم عوامی رابطہ پروگرام کی صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے کی، جس میں بڑی تعداد میں مقامی عوام، منتخب نمائندے اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
پروگرام کے دوران کاکا پورہ اور گردونواح کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنے متعدد مسائل، مطالبات اور شکایات انتظامیہ کے سامنے رکھیں۔ عوام نے بنیادی ضروریات سے متعلق وہ اہم مسائل بھی اُجاگر کیے جن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بلا تعطل بجلی کی دستیابی، سڑک رابطہ، سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات، دیہی ترقیاتی کام اور دیگر فلاحی ضروریات شامل تھیں۔
ڈپٹی کمشنر پلوامہ نے عوام کی جانب سے پیش کیے گئے تمام مطالبات، مسائل اور تجاویز کو بڑی توجہ سے سنا اور متعدد معاملات کا موقع پر ہی ازالہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور جو مطالبات فوری طور پر نمٹائے جاسکتے ہیں، ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
ڈاکٹر بشارت قیوم نے بلاک دیوس جیسے عوامی رابطہ پروگراموں کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے کیمپس انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرتے ہیں، اعتماد کو مضبوط بناتے ہیں اور ترقیاتی اہداف کی مؤثر منصوبہ بندی اور بہتر عمل آوری میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف محکمے عوامی ضروریات کا صحیح ادراک کریں اور مقررہ ٹائم لائن میں مسائل کا حل یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں:
پروگرام میں اے ڈی سی پلوامہ، بی ایم او کاکا پورہ، بی ڈی او، مختلف لائن محکموں کے افسران اور دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔ عوامی شرکت اور انتظامیہ کی براہِ راست رسائی کے باعث پروگرام نہایت کامیاب اور مفید قرار دیا گیا۔

