ETV Bharat / jammu-and-kashmir
مورگن ٹاپ سڑک چند دنوں میں بحال ہوگی،مرواہ کے لیے جدید آئی سی یو ایمبولینس منظور، ایم ایل اے اندروال
ایم ایل اے نے کہا کہ وزیر برائے صحت سکینہ ایتو نے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی جدید ایمبولینس منظور کی ہے۔

Published : February 23, 2026 at 10:40 PM IST
جموں: (محمد اشرف گنائی) رکن اسمبلی اندروال پیارے لال شرما نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مورگن ٹاپ سڑک آئندہ چند دنوں میں عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی بحالی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے اور اس کی تکمیل سے علاقہ مکینوں کو بڑی راحت ملے گی۔ خصوصاً خراب موسمی حالات میں آمدورفت آسان ہو جائے گی۔
ایم ایل اے نے صحت کے شعبہ میں ایک بڑی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اندروال حلقہ کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی جدید ایمبولینس منظور کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہائی ٹیک ایمبولینس آئی سی یو اور آکسیجن سہولیات سے لیس ہے اور اسے خاص طور پر مرواہ کے دور افتادہ علاقوں میں ہنگامی طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔
پیارے لال شرما نے کہا کہ اس جدید ایمبولینس کی فراہمی سے ایمرجنسی طبی سہولیات کو مزید مضبوطی ملے گی اور قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔ روزگار کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیشل پولیس آفیسرز کو باقاعدہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت مرحلہ وار طریقے سے ڈیلی ویجرز کو مستقل کرے گی تاکہ ملازمین کو روزگار کا تحفظ حاصل ہو سکے۔
ایم ایل اے اندروال نے مزید کہا کہ چناب خطہ کو ڈویژنل درجہ اور شیڈول ٹرائب کا درجہ دیا جانا چاہیے تاکہ علاقے کی ہمہ جہت ترقی اور سماجی و معاشی بہتری ممکن ہو سک۔ے

