ETV Bharat / jammu-and-kashmir

بانہال-گول میں سجاد شاہین نے تقریباً انیس کروڑ روپے مالیت کے چار بڑے سڑک منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا

مقامی آبادی کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے والے ان منصوبوں میں ہنجھال سے بازار بستی تھنڈیشاہ، بذریعہ گلا بستی لنک روڈ (1.70 کلومیٹر)شامل ہے

بانہال-گول میں سجاد شاہین نے تقریباً 19 کروڑ روپے مالیت کے چار بڑے سڑک منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا
بانہال-گول میں سجاد شاہین نے تقریباً 19 کروڑ روپے مالیت کے چار بڑے سڑک منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : September 2, 2026 at 7:50 AM IST

5 Min Read
Choose ETV Bharat

رامبن(نواز رونیال ) : نیشنل کانفرنس کے سینر رہنما و رکن اسمبلی بانہال گول سجاد شاہین نے آج ہنجھال میں سڑک رابطے سے متعلق چار بڑے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سڑک رابطہ ترقی کی شہ رگ اور دور دراز و پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔


مقامی آبادی کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے والے ان منصوبوں میں ہنجھال سے بازار بستی تھنڈیشاہ، بذریعہ گلا بستی لنک روڈ (1.70 کلومیٹر) شامل ہے، جس کی لاگت 448.53 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ بڈگام سے کھورا لنک روڈ (1.75 کلومیٹر) کی لاگت 40.41 لاکھ روپے، ہنجھال سے گوجر بستی لنک روڈ (3.50 کلومیٹر) کی لاگت 938.30 لاکھ روپے جبکہ ہنجھال عیدگاہ فٹ برج کی لاگت 69.26 لاکھ روپے ہے۔
ان چاروں منصوبوں کی مجموعی تخمینہ لاگت تقریباً 18.66 کروڑ روپے ہے اور انہیں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY) اور محکمہ آر اینڈ بی کے تحت شروع کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سجاد شاہین نے کہا کہ بانہال۔گول حلقہ انتخاب کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں رہنے والے لوگ کئی دہائیوں سے ناکافی سڑک رابطے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مناسب سڑکوں کی عدم موجودگی نے تعلیم، صحت، بازاروں اور دیگر بنیادی سہولیات تک رسائی کو متاثر کیا ہے۔


انہوں نے کہا، "سڑک رابطہ محض بنیادی ڈھانچے کی ضرورت نہیں بلکہ عوام کے لیے ایک لائف لائن اور متوازن ترقی کی بنیادی شرط ہے، ہماری کوشش ہے کہ بانہال۔گول کا کوئی بھی گاؤں یا بستی بنیادی سڑک رابطے سے محروم نہ رہے۔


شاہین نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بانہال۔گول حلقہ انتخاب میں PMGSY، NABARD، UT سیکٹر اور دیگر اسکیموں کے تحت تقریباً پانچ درجن سڑک منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے، جس سے حلقے کے سڑک بنیادی ڈھانچے کو نمایاں فروغ ملا ہے۔


انہوں نے کہا کہ میکرکوٹ۔درداہی روڈ، لیورا۔چک نروہ روڈ اور رامسو۔سربگنی روڈ سمیت کئی دیگر اہم سڑک منصوبے بھی شروع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضروری جنگلاتی منظوری حاصل ہونے کے فوراً بعد ان منصوبوں پر کام شروع ہونے کی توقع ہے اور اس سلسلے میں کارروائی آخری مرحلے میں ہے۔


ماضی میں دور دراز علاقوں کو نظر انداز کیے جانے پر تنقید کرتے ہوئے شاہین نے کہا کہ کئی دیہات کے باشندے برسوں تک انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور رہے کیونکہ ان کے جائز سڑک رابطے کے مطالبات کو وہ ترجیح نہیں دی گئی جس کے وہ مستحق تھے۔


انہوں نے کہا، "دہائیوں تک دور دراز علاقوں کے لوگ مشکلات برداشت کرتے رہے اور ان کے دیرینہ مطالبات پر توجہ نہیں دی گئی۔ ہم اس عدم توازن کو دور کرنے اور ہر گھر کی دہلیز تک ترقی پہنچانے کے لیے پُرعزم ہیں، چاہے وہ بستی کتنی ہی دور کیوں نہ ہو۔
بانہال۔گول میں گزشتہ دو برسوں کے دوران وسیع تر ترقیاتی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے شاہین نے کہا کہ سڑک رابطے، بجلی کے بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم، پبلک ٹرانسپورٹ، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رسیونگ اسٹیشنوں میں اضافہ، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، طبی سہولیات میں بہتری، تعلیم کے شعبے میں نئی پہل، پبلک ٹرانسپورٹ کے دائرے میں توسیع اور دیگر کئی ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ حلقہ انتخاب کی دیرینہ ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

شاہین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت اس عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے کہ ہر گاؤں اور بستی کو بتدریج سڑک رابطے کے نیٹ ورک میں شامل کیا جائے اور ترقی کے ثمرات جموں و کشمیر کے دور دراز علاقوں تک بھی پہنچائے جائیں۔
انہوں نے بانہال۔گول کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں تعاون اور حمایت پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا شکریہ ادا کیا۔
شاہین نے عوام سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیح ترقیاتی عمل کو تیز کرنا، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور بانہال۔گول کے عوام کی جائز شکایات اور دیرینہ مطالبات کو حل کرنا رہے گا۔

مزید پڑھیں: اونتی پورہ کے پدگام پورہ فارم میں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں کا احتجاج


اس موقع پر PMGSY اور آر اینڈ بی کے ایگزیکٹو انجینئرز سنسار سنگھ اور محمد اقبال گنائی کے علاوہ عبدالغنی وانی، الیاس احمد وانی، عبدالرشید ملک، منیر احمد بھٹ، محمد حنیف خان، مختار احمد شیخ، عطا محمد، شبیر احمد، مشتاق احمد، رئیس احمد کھانڈے اور اعجاز احمد بھٹ سمیت متعدد مقامی پارٹی کارکنان اور معزز شہری موجود تھے۔