ETV Bharat / jammu-and-kashmir
میرواعظِ کشمیر خانہ نظر بند، کہا پیلٹ متاثرین کی تکلیف کا مذاق نہ اڑایا جائے
میرواعظ نے بالی ووڈ کی فلم میں پیلٹ گنوں کے استعمال کو لمیٹڈ ڈمیج بتاکر پیلٹ متاثرین کی تکلیف کا مذاق اڑایا گیا ہے۔


Published : July 7, 2026 at 5:19 PM IST
سرینگر (پرویز الدین) میرواعظِ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ”آج ایک بار پھر مجھے خانہ نظر بند کیا گیا اور ڈاؤن ٹاؤن سرینگر کے نوجوانوں کی جانب سے عیدگاہ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت سے روکا گیا۔ افسوس ہے کہ نوجوانوں کے ساتھ بات چیت اور رابطے کا موقع بھی روک دیا گیا۔
دریں اثنا، الجزیرہ میں شائع ہونے والی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ایک معروف بین الاقوامی نیوز نیٹ ورک میں شائع ہونے والی ایک تشویشناک تحریر میں آنے والی ایک بالی ووڈ فلم کا ذکر کیا گیا ہے، جس میں کشمیر میں پیلٹ گنوں کے استعمال کو ’لمیٹڈ ڈمیج ‘ یعنی محدود نقصان کا ذریعہ بتایا گیا ہے اور پیلٹ متاثرین کی تکلیف کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ ہزاروں متاثرین، جو اپنی آنکھوں اور اعضا میں پیوست پیلٹس کے نتائج کے ساتھ جی رہے ہیں اور تکلیف برداشت کر رہے ہیں کے لیے یہ زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جموں کشمیر: غریب مریضوں کی طبی امداد کے لیے ایم ایل ایز کو فنڈ سے 20 لاکھ روپے خرچ کرنے کی اجازت
انہوں نے لکھا کہ یہ متاثرین جن میں زیادہ تر نوجوان ہیں، ہمدردی، دیکھ بھال اور انصاف کے مستحق ہیں، پروپیگنڈا کے نہیں۔ فلم سازوں کو ایسی بے حسی پر دوبارہ غور کرنا چاہیے اور فلم کو اس کی موجودہ شکل میں ریلیز کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔“

