ETV Bharat / jammu-and-kashmir

مرکزی وزارتِ داخلہ کا بڑا انتظامی ردوبدل: اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے 49 افسران کے تبادلے، جموں و کشمیر میں نمایاں تقرریاں

جموں و کشمیر سمیت مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں وزارت داخلہ کی جانب سے بڑے پیمانہ پر انتظامی ردوبدل کیا گیا۔

مرکزی وزارتِ داخلہ کا بڑا انتظامی ردوبدل: اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے 49 افسران کے تبادلے، جموں و کشمیر میں نمایاں تقرریاں
مرکزی وزارتِ داخلہ کا بڑا انتظامی ردوبدل: اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے 49 افسران کے تبادلے، جموں و کشمیر میں نمایاں تقرریاں (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 4, 2026 at 9:34 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

نئی دہلی: مرکزی وزارتِ داخلہ نے اتوار کو آل انڈیا سروسز کے تحت ایک بڑے پیمانے پر انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے اے جی ایم یو ٹی کیڈر سے تعلق رکھنے والے 49 آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ان احکامات کے تحت جموں و کشمیر سمیت دہلی، لداخ، اروناچل پردیش، انڈمان و نکوبار، گوا، پڈوچیری، میزورم اور چندی گڑھ میں افسران کی نئی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ یہ تمام تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گے۔

سرکاری حکم نامے کے مطابق، اس تازہ ردوبدل میں جموں و کشمیر سے 7 افسران (5 آئی اے ایس اور 2 آئی پی ایس) کو دوسری جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 9 افسران (6 آئی اے ایس اور 3 آئی پی ایس) کو یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر میں تعینات کیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد انتظامی اور پولیس نظام کو مزید مؤثر بنانا اور مختلف علاقوں میں تجربہ کار افسران کی خدمات سے بہتر استفادہ کرنا ہے۔

حکم کے مطابق، دہلی سے آئی اے ایس افسر اشونی کمار (1992 بیچ) اور آر ایلس واز (2005 بیچ) کو جموں و کشمیر تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی سے ہی انجلی سہراوت (2013 بیچ) اور کمار ابھیشیک (2016 بیچ) کو بھی جموں و کشمیر بھیجا گیا ہے۔ اسی طرح اکرتی ساگر (2016 بیچ) کو اروناچل پردیش سے اور ساگر ڈی دتاتریے (2014 بیچ) کو دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو سے جموں و کشمیر منتقل کیا گیا ہے۔

آئی پی ایس کیڈر میں، پرشانت پریا گوتم (2013 بیچ، دہلی سیگمنٹ)، سدھانشو دھرمہ (2016 بیچ، اروناچل پردیش سیگمنٹ) اور سنی گپتا (2020 بیچ، انڈمان و نکوبار سیگمنٹ) کو جموں و کشمیر میں تعینات کیا گیا ہے۔

ادھر جموں و کشمیر میں خدمات انجام دینے والے کئی سینئر افسران کو دوسری جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے۔ آئی اے ایس افسر سنتوش ڈی ویدیا (1998 بیچ)، نیراج کمار (2010 بیچ) اور سالونی رائے (2016 بیچ) کو دہلی بھیجا گیا ہے۔ اسی طرح سید عابد رشید شاہ (2012 بیچ) کو چندی گڑھ جبکہ بصیر الحق چودھری (2015 بیچ) کو لداخ منتقل کیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ حکم نامے میں دہلی، انڈمان و نکوبار، گوا، پڈوچیری، میزورم اور اروناچل پردیش سمیت دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بھی متعدد افسران کے تبادلے شامل ہیں، جو اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے تحت ایک وسیع انتظامی ردوبدل کی عکاسی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر میں انتظامی سطح پر سرجری، کئی آئی اے ایس افسران کے تبادلے اور تقرری کے احکامات جاری

وزارت نے واضح کیا ہے کہ حکم نامے کی نقول متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریز، مشیروں، دہلی پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہیں، اور تمام افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی نئی تعیناتی کی جگہ پر رپورٹ کریں۔