ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ضلع پلوامہ کی اہم سڑکیں خستہ حالی کا شکار، عوام کو مشکلات کا سامنا، تارکول بچھانے کا مطالبہ
چیف ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی پلوامہ جاوید احمد نے بتایا کہ تارکول بچھانے کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

Published : June 6, 2026 at 6:25 PM IST
پلوامہ: (سید عادل مشتاق) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کئی اہم رابطہ سڑکیں اور اندرونی شاہراہیں خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہیں، جس کے باعث عوام، مسافروں اور گاڑی مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرہ سڑکوں میں پانپور پلوامہ روڈ، پلوامہ لاسی پورہ روڈ سرکلر روڈ سمیت ضلع کی متعدد اندرونی سڑکیں شامل ہیں، جہاں جگہ جگہ گڑھے اور ٹوٹ پھوٹ عوام کے لیے پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی خراب حالت کے باعث نہ صرف سفر دشوار ہو گیا ہے بلکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں سڑکوں پر تارکول بچھانے کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں وادی کشمیر میں جون کے آغاز سے قبل ہی سڑکوں کی مرمت اور تارکول بچھانے کا عمل شروع کر دیا جاتا تھا، تاہم رواں سال ابھی تک اس سلسلے میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت دیکھنے کو نہیں ملی، جو تشویش کا باعث ہے۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی پلوامہ جاوید احمد نے بتایا کہ تارکول بچھانے کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں مختلف سڑکوں پر کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کو بہتر سڑک سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:
اونتی پورہ میں زمین واپس لینے کے سرکاری فیصلے کے خلاف احتجاج
ترال ٹاون میں موجود اہم سڑک خستہ حال، عوام پریشان، حکام خاموش

