ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ادھم پور اور ریاسی میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف اے سی بی کا بڑا کریک ڈاؤن، دو روزہ کارروائی میں اہم انکشافات
تحقیقات کے دوران اے سی بی حکام نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر اہم الیکٹرانک آلات، سرکاری ریکارڈ اور مشتبہ دستاویزات ضبط کئے۔

Published : February 27, 2026 at 10:35 PM IST
جموں: (اشرف غنی) اینٹی کرپشن بیورو نے جموں خطے میں غیر قانونی کان کنی اور بدعنوانی کے خلاف سخت قدم اٹھاتے ہوئے ضلع ادھم پور اور ریاسی ضلع میں دو روزہ وسیع کریک ڈاؤن کیا۔ اینٹی کرپشن بیورو کے ایک سرکاری بیان کے مطابق یہ کارروائی ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے غیر قانونی استحصال کو روکنے کے لیے عمل میں لائی گئی۔ اے سی بی کو جموں خطے میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی معدنیات نکالنے سے متعلق سنگین شکایات موصول ہوئی تھیں ۔ ابتدائی جانچ کے دوران معدنی ٹھیکیداروں اور محکمہ مائننگ و ماحولیاتی شعبہ کے بعض اہلکاروں کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کی اطلاعات سامنے آئیں جس کے باعث غیر قانونی سرگرمیاں بغیر کسی روک ٹوک کے جاری تھیں۔
بیان کے مطابق غیر قانونی کان کنی کو فوری طور پر بند کرانے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے اے سی بی کی خصوصی ٹیمیں جن کی قیادت گزٹیڈ افسران کر رہے تھے نے دونوں اضلاع میں قائم متعدد اسٹون کرشر یونٹس پر مشترکہ اچانک جانچ (جوائنٹ سرپرائز چیکس)انجام دی۔
تحقیقات کے دوران اے سی بی حکام نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر اہم الیکٹرانک آلات،سرکاری ریکارڈ اور مشتبہ دستاویزات ضبط کئے۔ کارروائی کے دوران متعدد مبینہ جعلی فارم ٹرانزٹ دستاویزات بھی برآمد کی گئیں جو معدنیات کی غیر قانونی نقل و حمل کے لیے استعمال ہو رہی تھیں۔ جانچ میں شامل تمام اسٹون کرشر یونٹس کو غیر قانونی کان کنی میں ملوث پایا گیا۔ یہ یونٹس اپنی منظور شدہ شرائط و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے تھے جس سے علاقے کے ماحولیاتی توازن کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

