ETV Bharat / jammu-and-kashmir

ضلع انتظامیہ اننت ناگ کا بڑا کریک ڈاؤن، بٹینگُو میں منشیات سے منسلک شخص کی غیر قانونی دکان مسمار

اس کارروائی کے دوران نہ صرف غیر قانونی تعمیرات کو زمین بوس کیا گیا بلکہ سرکاری زمین کو ناجائز قبضے سے بھی واگزار کرایا گیا۔

ضلع انتظامیہ اننت ناگ کا بڑا کریک ڈاؤن، بٹینگُو میں منشیات سے منسلک شخص کی غیر قانونی دکان مسمار
ضلع انتظامیہ اننت ناگ کا بڑا کریک ڈاؤن، بٹینگُو میں منشیات سے منسلک شخص کی غیر قانونی دکان مسمار (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : June 1, 2026 at 5:31 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ : (فیاض لولو ) نشہ مکت جے اینڈ کے مہم کے تحت ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے منشیات فروشوں اور این ڈی پی ایس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں آج ضلع انتظامیہ نے پولیس کے اشتراک سے بٹینگُو، اننت ناگ میں ایک اہم انہدامی کارروائی انجام دی۔

تفصیلات کے مطابق، ایک مشترکہ آپریشن کے دوران محکمہ مال (ریونیو) کے افسران نے پولیس ٹیم کی مدد سے اسٹیٹ لینڈ پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ایک دکان/ڈھانچے کو منہدم کر دیا۔ یہ ڈھانچہ خاصرہ نمبر 1156، اسٹیٹ بٹینگُو میں قائم کیا گیا تھا اور اس کا تعلق ایک ایسے شخص سے پایا گیا جو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ملوث ہے۔

اس کارروائی کے دوران نہ صرف غیر قانونی تعمیرات کو زمین بوس کیا گیا بلکہ سرکاری زمین کو ناجائز قبضے سے بھی واگزار کرایا گیا۔ ضلع انتظامیہ نے واضح کیا کہ اس طرح کی مشترکہ کارروائیاں منشیات کے نیٹ ورک کو توڑنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔

انتظامیہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلع میں منشیات فروشوں، منشیات کے کاروبار سے وابستہ عناصر اور سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف "زیرو ٹالرنس پالیسی" کے تحت سخت کارروائی جاری رہے گی۔ حکام کے مطابق، اس مہم کا بنیادی مقصد منشیات کی سپلائی چین کو توڑنا اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنا ہے۔

مزید برآں، انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ بھی اگر کوئی شخص اسی نوعیت کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی اور تعزیری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف اس مہم میں بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو فراہم کریں تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کولگام میں منشیات فروشوں کی ایک کروڑ سے زائد کی املاک قرق