ETV Bharat / jammu-and-kashmir

چنار کور میں 19ماہ بعد قیادت کی تبدیلی، بلبر سنگھ نے سنبھالی کمان

لیفٹیننت جنرل پرشانت سریواستو نے 19ماہ تک چنار کور کی قیادت سنبھالی۔

چنار کور میں 19ماہ بعد قیادت کی تبدیلی، بلبر سنگھ نے سنبھالی کمان
چنار کور میں 19ماہ بعد قیادت کی تبدیلی، بلبر سنگھ نے سنبھالی کمان (Photo: Chinar corps)
author img

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team

Published : May 1, 2026 at 6:55 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

سرینگر: لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سریواستو نے 19 ماہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد سرینگر میں قائم فوج کے چنار کور کی کمان چھوڑ دی ہے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق ان کے دور میں بڑے انسداد دہشت گردی آپریشنز، بہتر سکیورٹی تال میل اور 2025 کی امرناتھ یاترا کا پرامن انعقاد ممکن ہوا۔

انہوں نے کمان لیفٹیننٹ جنرل بلبر سنگھ کے حوالے کی، جو 34 سال سے زائد عرصے سے فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور جموں و کشمیر خاص کر شمال مشرق میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ سریواستو کے دور میں وادی میں سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط اور مربوط بنایا گیا، جس سے کشمیر میں امن و استحکام کو تقویت ملی۔ ان کے دور میں آپریشن سندور اور آپریشن مہادیو کو انتہائی منظم انداز میں انجام دیا گیا، جن کے تحت پہلگام حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی۔

ترجمان کے مطابق چنار کور نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی روکنے اور اندرونی علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جس سے دشمن عناصر کو سخت نقصان پہنچا۔

فوج نے مزید کہا کہ آپریشنل کامیابیوں کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل سریواستو نے عوام سے روابط بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کی، جس سے سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے درمیان اعتماد اور خیرسگالی میں اضافہ ہوا۔ بیان کے مطابق انہیں اب نئی دہلی میں وزارت دفاع (فوج) کے انٹیگریٹڈ ہیڈکوارٹرز میں کوارٹر ماسٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔

وار میموریل پر حاضری
کمان سنبھالنے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل بلبر سنگھ نے سرینگر کے چنار وار میموریل پر جاں بحق فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ نئے کور کمانڈر نے مختلف آپریشنل علاقوں میں خدمات انجام دی ہیں اور اس سے قبل جنوبی کشمیر میں کاؤنٹر انسرجنسی فورس - وکٹر - کی کمان بھی سنبھال چکے ہیں۔

اپنے پہلے خطاب میں لیفٹیننٹ جنرل بلبر سنگھ نے کہا کہ وہ سول انتظامیہ اور عوام کے ساتھ قریبی تال میل سے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے مختلف طبقات سے اپیل کی کہ وہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔

فوج نے کہا کہ چنار کور کشمیر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں کی امنگوں اور ترقی یافتہ کشمیر کے وژن کی حمایت جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں:

  1. چنار کور کے کمانڈر نے شمالی کشمیر میں سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا