ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ترال: گجر بستی گلشن پورہ کی آبادی جل شکتی محکمہ سے نالاں
مقامی خواتین نے بتایا کہ انھیں روزے کی حالت میں بھی دور سے پانی لانا پڑتا ہے جو کہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔

Published : February 23, 2026 at 10:11 AM IST
ترال: (شبیر بٹ) جہاں ایک طرف حکومت ماہ مبارک رمضان میں اشیاء ضروریہ کی فراہمی اور لازمی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے وعدے تو کرتی ہیں تاہم جنوبی کشمیر کے مختلف علاقے ان دنوں پینے کی پانی کی قلت سے دو چار ہیں۔ صاف پانی کی قلت کی وجہ سے مقامی آبادیاں مشکلات کا شکار ہیں۔ اس دوران آج گجر بستی گلشن پورہ ترال کی آبادی نے گھروں سے نکل کر خاموش احتجاج کیا اور اپنی بات انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی۔
اس موقعے پر مقامی لوگوں نے کہا کہ ایک جانب سرکار بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بلند بانگ دعوے کرتی ہے، تو وہیں اس دور افتادہ علاقے میں لوگوں کو آج بھی انتہائی بنیادی ضرورت پینے کے پانی فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ عوام نے بتایا کہ پینے کے پانی کی شدید قلت کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے اور خواتین کو گاؤں سے دور جا کر ایک چشمے سے پانی لانا پڑتا ہے جہاں اکثر بھیڑ جمع ہوتی ہے اور کبھی کبھار نوبت لڑائی تک آجاتی ہے۔
مقامی خواتین نے بتایا کہ انھیں روزے کی حالت میں بھی دور سے پانی لانا پڑتا ہے جو کہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔ ان کے مطابق سرکار ی ملازمین تو بارہا گاؤں کا دورہ کرتے ہیں، مگر پینے کا پانی فراہم کرنے میں یکسر ناکام نظر آتے ہیں۔ لوگوں نے حکومت و انتظامیہ سے پینے کے پانی کا جلد سے جلد انتظام کرنے کا مطالبہ کیا۔

