ETV Bharat / jammu-and-kashmir

شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے یومِ تاسیس اور گُرکل کے سالانہ دن کی تقریب

گُرکل کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے منوج سنہا نےکہا کہ تجسس علم کا پہلا چراغ ہے

شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے یومِ تاسیس اور گُرکل کے سالانہ دن کی تقریب
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے یومِ تاسیس اور گُرکل کے سالانہ دن کی تقریب (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 31, 2026 at 8:17 AM IST

5 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں( اشرف گنائی): جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے آج شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے یومِ تاسیس اور شری ماتا ویشنو دیوی گُرکل کے سالانہ دن کی تقریبات سے خطاب کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے عقیدت مندوں کی سہولت، حفاظت اور بہتر خدمات کے لیے شرائن بورڈ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شرائن بورڈ کی کامیابیاں لگن، نظم و ضبط اور خدمت کے جذبے کی عکاس ہیں، جو سناتن ثقافت کی بنیادی خصوصیات میں شامل ہیں۔

گُرکل کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے منوج سنہا نے تعلیم میں تجسس اور سوال کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ”تجسس علم کا پہلا چراغ ہے ہماری روایت میں سوال پوچھنے کو کبھی کمزوری نہیں سمجھا گیا۔ اپنشدوں کی روایت مکالمے، غوروفکر اور تجربے پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو طلبہ کو محض علم ہی نہیں بلکہ اقدار اور سنسکار بھی فراہم کرنے چاہئیں۔

سالانہ دن کی تقریب
سالانہ دن کی تقریب (ETV BHARAT)

انہوں نے کہا کہ سائنس ہمیں رفتار فراہم کرتی ہے جبکہ اقدار ہمیں سمت دیتی ہیں اور رفتار و سمت کے درمیان توازن ہی حقیقی ترقی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور روحانیت کا سفر ایک ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ منوج سنہا نے کہا کہ ہمارا مقصد اقدار کے ذریعے اپنی جڑوں کو مضبوط کرنا اور سائنس کے ذریعے طلبہ کو نئی پرواز کے لیے تیار کرنا ہونا چاہیے۔

انہوں نے گُرکل میں سائنس اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی جیسے جدید مضامین کو نصاب کا حصہ بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا لیفٹیننٹ گورنر نے گُرکل اور شرائن بورڈ پر زور دیا کہ ماحولیاتی شعور کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے پانی اور توانائی کے تحفظ، شجرکاری اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے اقدامات کرنے کی اپیل کی تاکہ یہ ادارے پائیدار ترقی کی عملی مثال بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قدیم ہندوستانی صحیفوں میں فطرت کے احترام کا گہرا تصور موجود ہے۔ موجودہ دور میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کے پیش نظر ہمیں جدید سائنسی فہم کے ساتھ اپنی قدیم علمی روایات کا بھی مطالعہ کرنا چاہیے اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے گُرکل کے لیے تین اہم اقدامات تجویز کیے، جن میں ”ویلیوز اینڈ سائنس انوویشن سینٹر“کا قیام، سروس اینڈ سوسائٹی مہم“کے ذریعے طلبہ کو سماجی خدمت، صفائی، ڈیجیٹل خواندگی اور ماحولیاتی تحفظ سے جوڑنا، جبکہ ”فیوچر اسکلز اینڈ ایتھیکل ٹیکنالوجی“ کے ذریعے طلبہ کو نئی ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال کے لیے تیار کرنا شامل ہے۔

شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے یومِ تاسیس اور گُرکل کے سالانہ دن کی تقریب
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے یومِ تاسیس اور گُرکل کے سالانہ دن کی تقریب (ETV BHARAT)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ شری ماتا ویشنو دیوی گُرکل آنے والے برسوں میں ایسا تعلیمی مرکز بن کر ابھرے گا جہاں روایت اور جدیدیت ایک دوسرے کو تقویت دیں گی اور طلبہ باشعور، حساس اور باکردار شہری بنیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے رکن اور شری ماتا ویشنو دیوی گُرکل کے چیئرمین مہامنڈلیشور سوامی وشویشورانند گری جی مہاراج نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائن محض ایک روحانی مرکز نہیں بلکہ ایک اہم سماجی اور ثقافتی ادارہ بھی ہے۔

انہوں نے جموں و کشمیر میں حالیہ برسوں کے دوران ہونے والی مثبت تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں جموں و کشمیر زائرین اور سیاحوں کے لیے ایک پُرکشش اور خوش آئند مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے شری ماتا ویشنو دیوی گُرکل کو ہندوستانی تہذیب، ویدک علم اور سناتن روایات کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک اہم ادارہ قرار دیا اور گُرکل کو سہولیات فراہم کرنے پر شرائن بورڈ کی ستائش کی۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سچن کمار ویشیا نے لیفٹیننٹ گورنر کی رہنمائی میں زائرین کی سہولت اور ادارہ جاتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔

مزید پڑھیں: موسم کی خرابی اور رکاوٹوں کے باوجود کشمیر میں 4.80 لاکھ عقیدت مندوں نے امرناتھ یاترا مکمل کی


انہوں نے کہا کہ شرائن بورڈ نے زائرین کی سہولیات کو وسعت دینے اور جدید بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس میں یاترا میں اضافہ، ہٹ میں جدید ہیلی پیڈ کا قیام، نئے ویشنووی بھون کی تکمیل، ملازمین کی فلاح و بہبود کے اقدامات، بھرتیوں اور کیڈر کی تنظیم نو سمیت زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مسلسل بہتری شامل ہے۔


تقریب کے دوران گُرکلودیم“ کتاب کے دوسرے ایڈیشن، جس میں شری ماتا ویشنو دیوی گُرکل کے قیام اور ارتقا کو اجاگر کیا گیا ہے، اور سالانہ میگزین ”براہمی“ کے پانچویں ایڈیشن کی بھی رونمائی کی گئی۔