ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ایل جی منوج سنہا نے پہلگام میں امرناتھ یاترا کے لئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا
لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کے لیے سیکورٹی انتظامات، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔

Published : June 25, 2026 at 4:26 PM IST
اننت ناگ: (میر اشفاق) لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج پہلگام میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شری امرناتھ جی یاترا 2026 کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں سول انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، سیاحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے لیفٹیننٹ گورنر کو یاترا کے پرامن، محفوظ اور کامیاب انعقاد کے لیے کی جا رہی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کے لیے سیکورٹی انتظامات، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، رہائش، ٹریفک نظم و نسق، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے اقدامات اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی تال میل اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کو ایک محفوظ، سہل اور روحانی طور پر خوشگوار ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں افسران نے بتایا کہ یاترا کے آغاز سے قبل تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ یاتریوں کی سلامتی، طبی تیاریوں اور راستوں پر بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ آپسی رابطے اور تعاون کو مزید مستحکم بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یاتریوں کی سہولت کے لیے تمام ضروری سہولیات بروقت دستیاب ہوں۔میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ وہ امرناتھ یاترا کے لئے کئے گئے انتظامات سے مطمئن ہیں۔واضح رہے کہ امرناتھ یاترا 2026 تین جولائی سے شروع ہوگی۔

