ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں و کشمیر میں دہلی-امرتسر-کٹرا ایکسپریس وے کا زیر تعمیر حصہ گر گیا، مزدور ہلاک
ہائی وے پر زیرتعمیر پل کے گرنے کی بات سامنے آئی ہے جبکہ حادثہ میں ہلاک ہونے والے مزدور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

Published : August 25, 2026 at 2:38 PM IST
جموں: جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں زیر تعمیر دہلی-امرتسر-کٹرا ایکسپریس وے کے ایک زیرتعمیر پل کا حصہ لانچنگ مشین سے پھسل کر زمین پر گرنے کے باعث ایک مزدور ہلاک ہوگیا۔ حکام کے مطابق حادثہ منگل کو سانبہ کے جکھ گاؤں کے قریب ایکسپریس وے کے پیکیج-15 کے تحت تعمیر کیے جانے والے ہائی وے کے 11ویں اسپین کی تعمیر کے دوران پیش آیا۔
جموں و کشمیر میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا این ایچ اے آئی) کے علاقائی دفتر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تعمیراتی عمل کے دوران پل کے ایک حصے کا اختتامی سیکشن لانچنگ مشین سے پھسل گیا اور نیچے زمین پر جا گرا۔ حادثے میں وہاں کام کرنے والا ایک مزدور شدید متاثر ہوا اور جانبر نہ ہوسکا۔ این ایچ اے آئی نے اپنے بیان میں مزدور کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سوگوار خاندان سے تعزیت کرتا ہے اور جاں بحق مزدور کے لواحقین کو متعلقہ ضابطوں کے مطابق مناسب معاوضہ دیا جائے گا۔
تاہم، فوری طور پر ہلاک ہونے والے مزدور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ حادثے کے بعد بعض اطلاعات میں زیر تعمیر ہائی وے کے پل کے گرنے کی بات سامنے آئی، تاہم این ایچ اے آئی نے واضح کیا کہ پل کا مکمل ڈھانچہ نہیں گرا ہے۔ این ایچ اے آئی کے مطابق اس سے قبل لانچ کیے جاچکے ہائی وے کے اسپین مکمل طور پر محفوظ اور اپنی جگہ برقرار ہیں۔ حادثہ زیر تعمیر 11ویں اسپین کے ایک حصے کو لانچ کرنے کے دوران پیش آیا۔
ادارے نے واضح کیا کہ جموں کے رایا مور علاقے میں اس ہائی وے کے مجموعی طور پر 14 اسپین تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ہر اسپین 15 سیگمنٹس پر مشتمل ہے۔ اب تک 14 میں سے 10 اسپین کامیابی کے ساتھ لانچ کیے جاچکے ہیں، جبکہ 11ویں اسپین پر کام جاری تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔ این ایچ اے آئی نے کہا ہے کہ واقعے کی وجوہات کا جائزہ لینے اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ایک ماہر ٹیم کو جائے حادثہ پر بھیجا جا رہا ہے۔
ادارے کے مطابق تعمیراتی کام میں معیار اور حفاظتی ضوابط کو اولین ترجیح حاصل ہے اور ماہرین کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سیگمنٹس کی لانچنگ کے دوران اس نوعیت کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔ این ایچ اے آئی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس واقعہ کو پل کے کسی ساختیاتی انہدام کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ ادارے کے مطابق پل میں کسی ساختیاتی ناکامی کا واقعہ پیش نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: کچے تیل کی قیمتوں میں گراوٹ، شیئر بازار میں رونق؛ سینسیکس اٹھیاسی اور نفٹی تینتیس پوائنٹس بڑھ کر کھلے
حادثے کے بعد تعمیراتی کام اور حفاظتی انتظامات کی جانچ کے حوالے سے مزید کارروائی متوقع ہے، جبکہ واقعے میں ہلاک مزدور کے لواحقین کو ضابطے کے مطابق معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

