ETV Bharat / jammu-and-kashmir

گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری ریکارڈ، کشمیر میں سردی کی شدت برقرار

محکمہ موسمیات نے بیس جنوری تک موسم زیادہ تر خشک رہنے کا ہی امکان ظاہر کیا ہے۔

سا
ڈل جھیل (فائل فوٹو: ای ٹی وی بھارت)
author img

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team

Published : January 2, 2026 at 11:31 AM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

سرینگر: وادی کشمیر میں سخت سردی کا قہر جاری ہے، محکمہ موسمیات کے میٹرولوجیکل سینٹر، سرینگر، کے مطابق معروف سیاحتی مقام اور سکی ریزارٹ گلمرگ کا شبانہ درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ شب وادی کا سرد ترین علاقہ رہا۔

گرچہ وادی بھر میں شدید سردی جاری ہے تاہم اس کے باوجود بعض علاقوں میں رات کا درجہ حرارت معمول سے تھوڑا زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں بعض علاقوں خاص کر نشیبی علاقوں زیادہ نمی کے باعث سردی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر شہر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جو موسمی اوسط سے 2.5 ڈگری زیادہ تھا۔ وہیں دن کے وقت پارہ زیادہ سے زیادہ 9.4 ڈگری تک جا پہنچا، تاہم شہریوں نے بتایا کہ صبح کے اوقات میں ٹھنڈ کی شدت کافی محسوس کی گئی۔

معروف سیاحتی مقام پہلگام، جو کہ امرناتھ یاترا کا بیس کیمپ بھی ہے، کا درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں پارہ منفی 1.2 ڈگری، کپوارہ میں 0.8 ڈگری اور کوکرناگ میں منفی 0.5 ڈگری تک گر گیا۔

جموں کا درجہ حرارت
جموں خطے کے بالائی علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار رہی۔ بھدرواہ میں درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری، بٹوت میں 2.8 ڈگری جبکہ جموں شہر میں 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ماتا ویشنو دیوی مندر کے بیس ٹاؤن کٹرہ میں درجہ حرارت 6.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر کے بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔ گلمرگ میں تقریباً 5 ملی میٹر بارش یا برفباری ہوئی، جبکہ سرینگر، بانہال، قاضی گنڈ، کپوارہ اور کئی دیگر علاقوں سے ہلکی بوندا باندی یا معمولی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 20 جنوری تک کوئی بڑی مغربی ہوائی لہر جموں کشمیر پر اثرانداز ہونے کا امکان نہیں ہے جس کی وجہ سے موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم اس دوران کچھ کمزور زمستانی ہوائیں خطے سے گزر سکتی ہیں، جن سے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش یا برفباری کے مختصر وقفے متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ’’مجموعی طور پر موسم کافی حد تک مستحکم اور خشک رہے گا، کہیں کہیں مطلع ابر آلود جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی بارش یا برفباری کا بھی امکان ہے۔‘‘

بارشوں کی کمی
ادھر، وادی کشمیر میں جاری خشک موسم کی وجہ سے رواں سیزن کے دوران برف و باراں کی کمی سے عوام و خواص میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جموں کشمیر میں اب تک مجموعی طور پر بارش میں 39 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یکم اکتوبر تا 31 دسمبر خطے میں 77.5 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ اس عرصے کے دوران معمول کی اوسط 127.7 ملی میٹر ہے۔

وادی کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بھی معمول سے کم بارش ہوئی۔ سرینگر میں 51 فیصد کمی جبکہ شوپیاں میں سب سے زیادہ 78 فیصد کی شدید کمی ریکارڈ کی گئی جو وادی کے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے۔ بارہمولہ، بڈگام، کولگام، کشتواڑ، اننت ناگ، بانڈی پورہ، گاندربل، پلوامہ اور کپوارہ میں بھی بارش معمول سے کافی کم ہوئی۔

لداخ کے کرگل اور لیہہ اضلاع میں بھی بارش یا برفباری میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ البتہ جموں کے کچھ علاقوں میں صورتحال نسبتاً بہتر رہی۔ پونچھ میں 26 فیصد زائد بارش ریکارڈ ہوئی، راجوری اوسط کے قریب رہا، جبکہ ڈوڈہ اور ریاسی میں بھی بارش کی تقسیم بہتر دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

موسم کی خراب صورتحال، آپریشنل مسائل کی وجہ سے سری نگر ہوائی اڈے پر چھ پروازیں منسوخ