ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں میں ڈوگری زبان کے فروغ کے لیے جے ایم سی کا نیا اقدام، اہم چوراہوں پر لگائے جائیں گے ڈوگری سائن بورڈ

اہم عوامی مقامات پر ڈوگری سائن بورڈز کی تنصیب سے نہ صرف جموں شہر کی ثقافتی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔

جموں میں ڈوگری زبان کے فروغ کے لیے جے ایم سی کا نیا اقدام، اہم چوراہوں پر لگائے جائیں گے ڈوگری سائن بورڈ
جموں میں ڈوگری زبان کے فروغ کے لیے جے ایم سی کا نیا اقدام، اہم چوراہوں پر لگائے جائیں گے ڈوگری سائن بورڈ (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : September 1, 2026 at 3:19 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں: (اشرف غنائی) جموں کی مالا مال لسانی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے جموں میونسپل کارپوریشن نے شہر کے اہم چوراہوں، تقاطعات اور دیگر نمایاں مقامات پر ڈوگری زبان میں سائن بورڈ نصب کرنے کا عمل شروع کیا ہے، ایک سرکاری بیان کے مطابق یہ اقدام جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو کی رہنمائی میں شروع کیا گیا ہے۔

یہ پہل سیانا ناگرک مدَد سیوا سنستھا کی درخواست پر شروع کی گئی، جبکہ تنظیم نے متعدد ڈوگری سائن بورڈز فراہم کرکے اس مہم میں تعاون بھی کیا ہے۔ ان سائن بورڈز کو جے ایم سی کی جانب سے شہر کے مختلف موزوں مقامات پر نصب کیا جا رہا ہے، ڈوگری جموں خطے کی مادری زبان ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کی منفرد ثقافتی شناخت اور ڈوگرہ ورثے کی اہم علامت ہے۔ جے ایم سی کا کہنا ہے کہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر ڈوگری کو نمایاں جگہ دینے سے زبان کو روزمرہ عوامی زندگی میں زیادہ شناخت اور پذیرائی ملے گی۔


اہم عوامی مقامات پر ڈوگری سائن بورڈز کی تنصیب سے نہ صرف جموں شہر کی ثقافتی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، بلکہ شہریوں، بالخصوص نوجوان نسل میں اپنی لسانی اور ثقافتی میراث کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے بیداری بھی پیدا ہوگی، جے ایم سی اس سے قبل بھی ڈوگرہ ثقافت اور ڈوگری زبان کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر چکی ہے۔

بھگوتی نگر میں جے ایم سی کی جانب سے تیار کیے گئے ویسٹ ٹو وونڈر پارک میں نصب مختلف یادگاروں اور ڈھانچوں سے متعلق تفصیلی معلومات ڈوگری زبان میں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یہ اقدام ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مقامات کو جموں کے ثقافتی ورثے سے جوڑنے کی جے ایم سی کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے ویسٹ ٹو وونڈر پارک کے بعد اب شہر کے اہم مقامات پر ڈوگری سائن بورڈز کی تنصیب زبان کو عوامی زندگی میں مزید نمایاں بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

اس سے شہریوں میں ڈوگرہ ورثے، روایات اور اپنی زبان کے تئیں فخر اور وابستگی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔اس سلسلے میں جموں میونسپل کارپوریشن کے جوائنٹ کمشنر (ریونیو و انفورسمنٹ)کلبھوشن کھجوریہ جو جموں اسمارٹ سٹی لمیٹڈ کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ہیں، نے منصوبے اور شہر کے مختلف مقامات پر اس کے نفاذ سے متعلق تفصیلی جانکاری دی سرکاری پریس بیان کے مطابق جے ایم سی کے اس اقدام کو جموں کی منفرد ثقافتی شناخت کو مزید مضبوط بنانے اور ڈوگری زبان کو وہ نمایاں مقام دلانے کی ایک بامعنی کوشش قرار دیا جا رہا ہےجس کی وہ مستحق ہے.

مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں گلیشیرل جھیلوں کے پھٹنے کا شدید خطرہ، پچپن برفانی جھیلیں تباہی کے دہانے پر، ماہرین کا انتباہ

شہر کی سڑکوں عوامی مقامات اور ثقافتی مراکز پر ڈوگری زبان کی نمایاں موجودگی سے شہریوں میں اپنی زبان، ثقافت اور جڑوں کے تئیں فخر پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے جموں کے منفرد ثقافتی تشخص کے تحفظ میں بھی مدد ملنے کی امید ہے۔