ETV Bharat / jammu-and-kashmir
مویشی کی اسمگلنگ کیس: رامبن پولیس نے بی این ایس ایس کے تحت چھ لاکھ روپے کی جائیداد ضبط کی
رجسٹریشن نمبر JK19A-2917 والی گاڑی کے مالک نے یہ گاڑی مویشی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی غیر قانونی آمدنی سے خریدی تھی۔

Published : July 7, 2026 at 9:48 AM IST
رامبن، جموں و کشمیر (نواز رونیال): مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن میں مویشی اسمگلنگ اور غیر قانونی ذرائع سے دولت جمع کرنے کے خلاف مزید ایک اور اہم کارروائی کرتے ہوئے ضلع پولیس رامبن نے بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (BNSS) کی دفعہ 107 کے تحت تقریباً 6 لاکھ روپے مالیت کی منقولہ جائیداد ضبط کر لی۔
یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 102/2026 کی تفتیش کے دوران عمل میں لائی گئی، جو بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 223 اور جانوروں پر ظلم کی روک تھام ایکٹ کی دفعہ 11 کے تحت درج کی گئی ہے۔

غیر قانونی آمدنی سے خریدی تھی گاڑی
تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ رجسٹریشن نمبر JK19A-2917 والی گاڑی کے مالک نے یہ گاڑی مویشی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی غیر قانونی آمدنی سے خریدی تھی۔ بعد ازاں پولیس اسٹیشن رامبن نے معزز عدالت رامبن سے گاڑی کی ضبطی کے احکامات حاصل کیے۔
ایگزیکٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس نے عدالتی احکام کی تعمیل کی
عدالتی احکامات کی تعمیل میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (تحصیلدار رامبن) کی موجودگی میں رجسٹریشن نمبر JK19A-2917 والی گاڑی کو باضابطہ طور پر ضبط کر لیا گیا۔ گاڑی کے مالک کی شناخت مبشر حسین ولد عبد القیوم، ساکن حالہ دھندراٹھ، تحصیل راج گڑھ، ضلع رامبن کے طور پر ہوئی ہے۔

ضبط کی گئی جائیداد کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً 6 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ یہ کارروائی تھانہ انچارج رامبن نے ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر رامبن کی رہنمائی اور ایس ایس پی رامبن کی مجموعی نگرانی میں انجام دی گئی۔
مجرمانہ سرگرمیوں سے حاصل کی گئی غیر قانونی جائیداد
ضلع پولیس رامبن نے مویشی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرمانہ سرگرمیوں سے حاصل کی گئی غیر قانونی جائیداد کی نشاندہی، سراغ رسانی اور قانون کے مطابق ضبطی کا عمل آئندہ بھی پوری سختی اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

