ETV Bharat / jammu-and-kashmir
منریگا میں ترمیم کے خلاف کانگریس کا شدید احتجاج، شہیدی چوک جموں میں مظاہرہ
احتجاج میں شامل کانگریس رہنماؤں نے منریگا کو 'کمزور کرنے کی کوشش' پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

Published : December 21, 2025 at 7:31 PM IST
جموں: (محمد اشرف گنائی) مہاتما گاندھی کے نام سے منسوب مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (MGNREGA) میں مجوزہ پارلیمانی ترمیم، اسکیم کو کمزور کرنے اور مبینہ طور پر اسے ختم کرنے کی کوششوں کے خلاف کانگریس پارٹی نے بدھ کے روز شہیدی چوک جموں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مرکزی حکومت، بالخصوص مودی حکومت پر نہ صرف غریب مخالف پالیسیوں بلکہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی توہین اور سیاسی انتقام کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔
احتجاج کی قیادت آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان شری سریندر سنگھ راجپوت اور جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر قائدین کر رہے تھے، جب کہ بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور حامیوں نے بینرز اور پلے کارڈز کے ساتھ شرکت کی۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے منریگا کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے شری سریندر سنگھ راجپوت نے کہا کہ منریگا ایک فلاحی قانون نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے ذریعے منظور شدہ ایک آئینی ضمانت ہے، جس کا مقصد دیہی بھارت کے غریب، مزدور اور بے روزگار طبقے کو کم از کم 100 دن کا روزگار فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کا نام مہاتما گاندھی سے جڑا ہونا خود اس کی نظریاتی بنیاد کو ظاہر کرتا ہے، اور اس میں ترمیم یا اس کی جگہ کسی اور اسکیم کو لانا بابائے قوم کی براہ راست توہین کے مترادف ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالیہ پارلیمانی ترامیم اور بجٹ میں تخفیف کے ذریعے منریگا کو عملاً کمزور کیا جا رہا ہے، ادائیگیوں میں تاخیر، فنڈز کی کمی اور نئی شرائط عائد کر کے غریبوں کا حق چھینا جا رہا ہے۔ کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ مودی حکومت بدعنوانی کے جھوٹے بہانوں کے تحت فلاحی اسکیموں کو نشانہ بنا کر سیاسی انتقام کی سیاست کر رہی ہے۔

پردیس کانگریس کمیٹی جموں کشمیر کے کارگزار صدر رمن بلہ نے کہا کہ منریگا کو 2005 میں یو پی اے حکومت نے پارلیمنٹ سے منظور کرایا تھا، جس نے دیہی معیشت کو سہارا دیا، نقل مکانی روکی اور کروڑوں خاندانوں کو روزگار فراہم کیا۔ جب کہ کہ موجودہ حکومت پارلیمانی ترامیم کے ذریعے اس تاریخی قانون کی روح کو ختم کرنا چاہتی ہے۔
مزید پڑھیں:
مودی حکومت نے منریگا کو بلڈوز کیا، نئے کالے قانون کے خلاف لڑنے کا عہد کیا، سونیا
لوک سبھا میں اپوزیشن کے شدید ہنگامہ کے بیچ منریگا کی جگہ وی بی۔جی رام جی بل منظور

