ETV Bharat / jammu-and-kashmir
اننت ناگ میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، کولگام میں منشیات فروش کا 80 لاکھ کا مکان
اننت ناگ میں غیر قانونی پوست کی کاشت تباہ کرنے کے ساتھ ایک منشیات فروش کو ممنوعہ مادے کے ساتھ گرفتار بھی کیا گیا۔

Published : May 7, 2026 at 7:03 AM IST
اننت ناگ: (اشفاق احمد میر) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے پولیس اور محکمہ مال کی مشترکہ ٹیم نے بدھ کے روز تانترے پورہ یاری پورہ میں ایک منشیات فروش کی تقریباً 80 لاکھ روپئے مالیت کی جائیداد کو مسمار کر دیا۔
حکام کے مطابق یہ انہدامی کارروائی ڈی وائی ایس پی ہٹی پورہ اور ایس ایچ او یاری پورہ کی نگرانی میں، تحصیلدار یاری پورہ کے اشتراک سے عمل میں لائی گئی۔
کارروائی ایس ایس پی کولگام عنایت علی چودھری کی ہدایات پر انجام دی گئی، جو ضلع میں منشیات کے نیٹ ورکس اور ان سے جڑی غیر قانونی جائیدادوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ منشیات کے ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
وہیں اننت ناگ میں بھی منشیات فروشوں کے خلاف دن بھر کارروائیاں جاری رہیں ،پولیس چوکی سنگم سے وابستہ ایک ٹیم نے ڈی او چوکی تجمل کی قیادت میں میلہ ہُرہ ونڈونہ کے رہنے والے جاوید احمد بٹ ولد عبدالصمد بٹ کو گرفتار کیا جس کے قبضہ سے ایک کلو 90 گرام چرس پاوڈر برآمد کیا گیا
وہیں اننت ناگ پولیس نے منشیات کی کاشت اور اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کو جاری رکھتے ہوئے اُترسو اور اچھہ بل علاقوں میں کارروائیاں انجام دیں، جن کے دوران غیر قانونی طور پر کاشت کی گئی افیون پوست کی فصل کو تباہ کیا گیا اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
پہلی کارروائی میں پولیس اسٹیشن اُترسو نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے ہمراہ گاؤں رائے پورہ میں چھاپہ مارا، جہاں فاطمہ بیگم زوجہ مرحوم غلام حسن وانی کی زمین پر غیر قانونی پوست کی کاشت پائی گئی۔ موقعے پر ہی پوری فصل کو مجسٹریٹ کی موجودگی میں تلف کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 45/2026 زیر دفعہ 8/18 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری کارروائی پولیس اسٹیشن اچھہ بل نے بیٹ آفیسر آکنگام کی اطلاع پر انجام دی، جہاں غلام حسن لون ولد غلام محمد لون ساکن بدورہ کی جانب سے غیر قانونی پوست کی کاشت کی نشاندہی ہوئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر نمبر 33/2026 زیر دفعہ 8/18 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کی۔ دورانِ تفتیش، تحقیقاتی افسر نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور محکمہ زراعت کے اہلکاروں کے ہمراہ موقع کا معائنہ کیا، جہاں تقریباً ایک مرلہ زمین پر غیر قانونی پوست کی کاشت پائی گئی، جسے قانونی طریقہ کار کے تحت مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں:
کشمیر میں جی پی ایس اینکلیٹ کی مدد سے ضمانت شدہ منشیات فروشوں کی نگرانی شروع
منشیات کے 10 ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا، رواں برس 542 این ڈی پی ایس کیسز درج
اننت ناگ میں منشیات فروش کا مکان قرق، زیر زمین ٹھکانہ برآمد ،چار میڈیکل شاپس سیل
رام بن میں منشیات فروش کا ڈھابہ منہدم

