ETV Bharat / jammu-and-kashmir
سی آر پی ایف کے جوانوں نے کشمیر میں منائی ہولی، پلوامہ اور رامبن میں جوانوں اور افسران نے ایک دوسرے کو لگایا رنگ
گھروں اور اہلِ خانہ سے دور رہنے کے باوجود اہلکاروں نے کیمپ کے احاطے میں باہمی اتحاد اور خوشی کے ساتھ اس تہوار کو منایا۔

Published : March 4, 2026 at 1:25 PM IST
|Updated : March 4, 2026 at 1:39 PM IST
پلوامہ:(سید عادل مشتاق) رنگوں کا تہوار ہولی آج ملک بھر میں بڑے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ ہولیکا دہن پیر (2 مارچ) کو ملک بھر میں منایا گیا۔ تاہم چاند گرہن کے باعث منگل کو بیشتر شہروں میں لوگ رنگوں سے نہیں کھیل سکے۔ ضلع پلوامہ میں تعینات سنٹرل ریزرو پولیس (سی آر پی ایف) کی 183 بٹالین کے جوانوں اور افسران نے ہولی کا تہوار انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا۔
اپنے گھروں اور اہلِ خانہ سے دور رہنے کے باوجود اہلکاروں نے کیمپ کے احاطے میں باہمی اتحاد اور خوشی کے ساتھ اس تہوار کو منایا۔ جوانوں اور افسران نے روایتی گیت گائے، رقص کیا اور ایک دوسرے کو رنگ لگا کر خوشیوں کا اظہار کیا، جس سے پورا ماحول مسرت کی فضا سے معطر ہوگیا۔
ہولی، جسے "رنگوں کا تہوار" کہا جاتا ہے، بھارت کے اہم ہندو تہواروں میں شمار ہوتا ہے اور یہ نیکی کی بدی پر فتح اور باہمی یگانگت کی علامت ہے۔ اس موقع پر ہونے والی تقریب نے سی آر پی ایف اہلکاروں کے بلند حوصلے، مضبوط باہمی تعلقات اور قومی خدمات کے ساتھ ساتھ ثقافتی روایات سے وابستگی کو بھی اجاگر کیا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اہلکاروں نے ہم آہنگی، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیا۔
رامبن میں بھی ہولی کا جشن
رامبن میں بھی آج رنگوں کا تہوار ہولی مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق رامبن میں ہولی کا تہوار بھرپور جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یہ تہوار موسمِ بہار کے آغاز اور برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ہولی ہر سال قمری مہینے کے آخری پورے چاند کے دن منائی جاتی ہے۔
اس موقع پر سی آر پی ایف کی 84 بٹالین کی جانب سے ہیڈکوٹر چندر کورٹ اور جموں کشمیر نیشنل ہائی وے کے مختلف مقامات پر تعینات جوانوں مقامی شہریوں کے ساتھ ہولی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر رنبیر سنگھ نے جوانوں کو رنگ لگا کر ان کے ساتھ خوشی کا اظہار کی۔ کمانڈنگ آفیسر رنبیر سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ یہ دن جموں و کشمیر کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی خدمت ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہولی ہم سب کے لیے ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کا پیغام ثابت ہوگی۔

