ETV Bharat / jammu-and-kashmir
مغل روڈ پر برف صاف کرنے کا عمل مکمل، شاہراہ ٹریفک کے لیے بحال
حکام کے مطابق 27فروری سے شاہراہ صرف چھوٹی گاڑیوں کے لیے ہی صبح 11بجے سے شام تین بجے تک کھلی رہے گی۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : February 26, 2026 at 3:06 PM IST
راجوری (جہانگیر خان) : تاریخی مغل شاہرہ کو پہلی مرتبہ سال کے اس موسم میں ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بحال کیا گیا۔ اس ضمن میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں نے اعلان کیا ہے کہ ’’تاریخی مغل شاہراہ کو آئندہ کل یعنی 27 فروری سے گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے بحال کیا جا رہا ہے۔‘‘
جاری کردہ حکمناموں کے مطابق شاہراہ کو ابتدائی طور پر صرف چھوٹی گاڑیوں (لائٹ موٹر وہیکلز) کے لیے کھولا جائے گا۔ حکمناموں میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کو روزانہ صبح 11 بجے سے شام 3 بجے تک ہی شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہو گی۔‘‘ انتظامیہ نے متعلقہ حکام کو ٹریفک کی روانی اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنائے جانے کی ہدایت دی ہے۔
حکام کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ جن مقامات پر زمین کھسکنے، مٹی کے تودے یا پتھر گر آنے کا خطرہ لاحق ہے وہاں مشینری اور رضا کار تعینات رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بر وقت نمٹا جا سکے۔ ایس ایس پی پونچھ اور ایس ایس پی ٹریفک، رولر، جموں کو بہرام گلہ، بفلیاز اور پوشانہ چیک پوسٹوں پر اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی مؤثر طریقے سے نگرانی کی جا سکے اور مقررہ اوقات کی سختی سے پابندی ممکن بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ حکام نے حالیہ برف باری کے بعد مغل شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام فوری طور پر شروع کیا تھا اور ریکارڈ وقت میں برف صاف کرکے اسے ٹریفک کی آمد و رفت کے قابل بنایا گیا ہے۔ جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شاہراہ کو بحال کرنے کا فیصلہ لے لیا۔ وہیں عوام نے متعلقہ حکام ریکارڈ وقت میں اور پہلی مرتبہ سال کے اس موسم میں شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنائے جانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:

