ETV Bharat / jammu-and-kashmir
مطالبہ جائز لیکن جب معاملہ زیر عمل ہے تو ایم بی بی ایس انٹرنز کا احتجاج نامناسب: سکینہ ایتو
جموں کشمیر خاص کر وادی میں ایم بی بی ایس انٹرنز ماہانہ مشاہرے میں اضافے کی مانگ کو لیکر احتجاج پر ہیں۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : August 31, 2026 at 4:23 PM IST
سرینگر (پرویز الدین) : جموں وکشمیر کے مختلف میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں ایم بی بی ایس انٹرنز نے اپنے ماہانہ اسٹائپنڈ (مشاہرے) میں اضافے کے مطالبے کو لے کر پیر کو مشترکہ احتجاج شروع کر دیا ہے۔انٹرنز ماہانہ 12300کے مشاہرے کو بڑھاکر 30000 ہزار کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
جموں وکشمیر کی وزیر صحت و سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت نے ایم بی بی ایس انٹرنز کے ماہانہ مشاہرے کا 12 ہزار سے 30 ہزار بڑھانے کے مطالبے کا نوٹس لیا ہے اور معاملہ اس وقت محکمہ خزانے کے پاس زیر غور ہے۔صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیز صحت نے کہا کہ انٹرنز کے نمائندوں نے ان کے ساتھ ملاقات کی تھی جس کے بعد ان کی فائل پر کارروائی کرتے ہوئے اسے جانچ اور مزید غور کی خاطر محکمہ خزانہ کو بھیج دی گئی ہے۔
انہوں نے انٹرنز کے مطالبہ کو جائز قرار دیا اور کہا "موجودہ دور میں مہنگائی کافی بڑھ چکی ہے اور مشاہرے میں اضافہ کا مطالبی حکومت نے تسلیم کیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے بھی اس معاملے میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر بات کی ہے۔وزیر صحت سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت اور محکمہ صحت اس پر کام کررہے ہیں اس لیے ہڑتال پر جانے یا احتجاج کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے کیا کہ جب یہ معاملہ پہلے ہی زیر عمل ہے تو ہڑتال یا احتجاج کرنا مناسب نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سرینگر، بارہمولہ,اننت ناگ، ادھمپور، ڈوڈہ ،راجوری اور جموں سمیت جموں وکشمیر کے بیشتر جی ایم سیز میں ایم بی بی ایس انٹرنز نے اپنے مطالبے کو لے کر احتجاج کیا۔احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبے کو لے کر حکومت کی جانب سے کوئی فیصلہ نہیں آتا وہ اپنی معمول کی ڈیوٹی انجام نہیں دے گے۔ان کا کہنا ہے کہ طبی ذمہ داریوں، کام کا بڑھتا بوجھ اور بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر موجودہ مشاہرہ ناکافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
کشمیر میں انٹرن ڈاکٹروں کا احتجاج، ماہانہ وظیفہ میں اضافہ کا مطالبہ

