ETV Bharat / jammu-and-kashmir

اننت ناگ: جبلی پورہ فروٹ منڈی وادی کا ابھرتا ہوا اقتصادی مرکز، رواں سال میں 500 کروڑ کا کاروبار متوقع

جبلی پورہ فروٹ منڈی، اننت ناگ کی اہمیت، تجارتی سرگرمیوں، اس کے چیلنجز اور موجودہ مسائل پر نمائندہ میر اشفاق کی خاص رپورٹ۔۔۔

جبلی پورہ فروٹ منڈی وادی کشمیر کا ابھرتا ہوا اقتصادی مرکز
جبلی پورہ فروٹ منڈی وادی کشمیر کا ابھرتا ہوا اقتصادی مرکز (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : October 21, 2025 at 11:49 AM IST

|

Updated : October 21, 2025 at 2:16 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ: وادی کشمیر کو قدرت نے بے پناہ خوبصورتی اور زرعی وسائل سے نوازا ہے۔ یہاں کی زرخیز زمین اور موزوں موسمی حالات خاص طور پر پھلوں اور اس میں بھی خصوصاً سیب کی کاشت کے لیے بہترین تصور کی جاتی ہے۔ اسی پس منظر میں جبلی پورہ فروٹ منڈی کا قیام ایک انقلابی قدم کے طور پر سامنے آیا ہے، جو تیزی سے وادی کشمیر کی سب سے بڑی پھل منڈی بن کر ابھر رہی ہے۔ اس منڈی کا قیام اور اس کی تیز رفتار ترقی نہ صرف معاشی حوالے سے اہم ہے بلکہ ہزاروں افراد کے لیے روزگار کا بھی مؤثر ذریعہ بن چکی ہے۔

اننت ناگ: جبلی پورہ فروٹ منڈی وادی کا ابھرتا ہوا اقتصادی مرکز (ETV Bharat)

منڈی کا پس منظر اور قیام

جبلی پورہ فروٹ منڈی کی سنگ بنیاد سنہ 2013 میں ڈالی گئی تھی جس کا مقصد جنوبی کشمیر کے کسانوں، باغبانوں اور تاجروں کو ایک جدید، قریبی اور منظم مارکیٹ مہیا کرنا تھا۔ اس منصوبے پر تقریبا 33 کروڑ سے زائد کی لاگت آ چکی ہے، اور اسے 422 کنال وسیع رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، یہ منڈی جنوبی کشمیر کی 12 تحصیلوں کے 5۔5 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جن میں سے 1.20 لاکھ کسان، کاشتکار اور تاجر شامل ہیں۔

تجارتی سرگرمیاں اور اقتصادی اہمیت

جبلی پورہ فروٹ منڈی میں یومیہ بنیاد پر فروٹ سے لدے 100 سے 150 ٹرک داخل ہوتے ہیں، اور روزانہ تقریبا 100 ٹرکس ملک کی مختلف منڈیوں کی جانب روانہ ہوتے ہیں۔ منڈی میں اس وقت 450 کے قریب تاجر کاروبار کر رہے ہیں اور یہاں لگ بھگ 3000 ہزار لوگوں کو روزگار فراہم ہو رہا ہے۔

محکمہ ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ کے ایریا مارکیٹنگ افسر کے مطابق سال 2025 میں جبلی پورہ منڈی میں 500 کروڑ سے زائد کاروبار کی توقع ہے، جو ایک بہت بڑی اقتصادی پیش رفت ہے اور یہ حدف اس کے بڑھتے ہوئے حجم اور اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔



چیلنجز اور موجودہ مسائل



جبلی پورہ فروٹ منڈی ایسوسی ایشن کے ترجمان اظہر ٹاک کا کہنا ہے کہ فروٹ منڈی کے قیام سے اس صنعت سے وابستہ افراد کو ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔ اس سے قبل جنوبی کشمیر خاص طور پر اننت ناگ میں مارکیٹ کی کافی کمی تھی جس سے کاشتکار اور تاجر کافی پریشان ہوتے تھے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جبلی پورہ فروٹ منڈی کی ترقی کے باوجود کئی بنیادی مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ایک بڑی تعداد اس منڈی میں عارضی طور پر کاروبار کر رہے ہیں، کیونکہ انہیں ابھی تک دکانوں یا جگہوں کی قانونی الاٹمنٹ فراہم نہیں کی گئی۔ جس کی وجہ سے انہیں کافی دقتیں پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کئی دفعہ ان معاملات کو سرکار کی نوٹس میں لایا اور انہیں امید ہے کہ ان مسائل کا ازالہ جلد ہی ممکن بنایا جائے گا۔

انہوں نے منڈی کے لیے دیگر اہم معاملات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منڈی میں ابھی تک کولڈ اسٹوریج پیکجنگ اور پراسیسنگ سہولیات موجود نہیں ہیں۔ ان سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پھلوں کو ضائع ہونے سے بھی بچایا جا سکے اور منڈی کے بین الاقوامی معیار کے مارکیٹ بننے کی راہ آسان ہو جائے۔

مزید پڑھیں:

وادی کشمیر میں بحران کے دوران کولڈ اسٹوریج نجات دہندہ ثابت ہوئے، سینکڑوں میٹرک ٹن سیب محفوظ

پلوامہ: پرچھو فروٹ منڈی میں بنیادی سہولیات کا فقدان، موم بتی اور موبائل کی روشنی میں ہو رہا کروڑوں کا کاروبار

کشمیری کسان سال بھر کی محنت اپنے سامنے بوسیدہ ہوتے دیکھنے پر مجبور

Last Updated : October 21, 2025 at 2:16 PM IST