ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں و کشمیر میں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی، سرینگر-جموں ہائی وے پر ٹریفک متاثر
ٹریفک پولیس نے خراب موسم کے باعث مغل روڈ اور اہم ہائی ویز پر لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈز کا انتباہ جاری کیا ہے۔

Published : September 3, 2026 at 8:42 AM IST
سرینگر: جموں و کشمیر میں اگلے چند دنوں کے دوران گرج چمک، آسمانی بجلی، تیز ہواؤں اور مختصر وقت کے لیے تیز بارش کا امکان ہے، جب کہ محکمہ موسمیات نے حساس مقامات پر اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے یونین ٹیریٹری کے لیے جاری تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق، مختلف مقامات پر، بالخصوص چار ستمبر کو بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوچھاڑیں پڑ سکتی ہیں۔ اگلے پانچ دنوں کے دوران مختلف مقامات پر گرج چمک، آسمانی بجلی اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جن کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
یہ پیش گوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں پہلے ہی ریکارڈ بارش درج کی گئی ہے۔ بدھ کو ختم ہونے والے 24 گھنٹوں کے دوران کٹھوعہ میں 101.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو فہرست میں شامل مقامات میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ پہلگام میں 51.8 ملی میٹر اور راجوری میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی مدت کے دوران کٹرا میں 24.2 ملی میٹر، ادھم پور میں 36.8 ملی میٹر، پلوامہ میں 16.5 ملی میٹر، شوپیاں میں 12.5 ملی میٹر اور سونمرگ میں 11 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ جب کہ سرینگر میں محض 0.3 ملی میٹر بارش درج ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے دوران حساس مقامات پر فلیش فلڈز، لینڈ سلائیڈنگ اور مڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کیا ہے۔
موسم کی اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑی چلانے والوں، بالخصوص جموں-سرینگر قومی شاہراہ (این ایچ-44) پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے احتیاطی ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، ادھم پور کے داول کے مقام پر سنگل لین اور ناہموار سڑک کے باعث منگل کی شام چار بجے سے بدھ کی شام چار بجے کے درمیان این ایچ-44 پر ٹریفک کی نقل و حرکت انتہائی سست رہی۔ ماروگ اور کشتواڑی پتھر کے درمیان سنگل لین سڑک نے بھی گاڑیوں کی رفتار کو مزید سست کر دیا۔ اس کے علاوہ ماروگ کے مقام پر ایک گاڑی خراب ہونے سے ٹریفک کی روانی مزید متاثر ہوئی۔
ڈاول کے مقام پر ٹریفک کو کنٹرول کیا جا رہا تھا، جہاں تقریباً 30 سے 40 میٹر کا حصہ سنگل لین ہے۔ ٹریفک پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ جموں، سرینگر اور رام بن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹس سے سڑک کی صورت حال کی تصدیق کرنے کے بعد ہی سفر کا آغاز کریں۔
مسافروں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جموں-سرینگر ہائی وے پر صرف دن کے وقت سفر کریں۔ رات کے وقت سفر کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس دوران پہاڑوں سے پتھر گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور رامبن اور بانہال کے درمیان سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہونے کی وجہ سے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: جموں سے جنوبی ہند کی مذہبی یاترا، پہلی بار نومبر میں چلے گی خصوصی ٹرین
گاڑی چلانے والوں کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ رام بن اور بانہال کے درمیان بلا ضرورت رکنے سے پرہیز کریں، خاص طور پر ان جگہوں کے قریب جہاں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کا خطرہ زیادہ ہو۔
موسم صاف رہنے اور سڑک کی صورت حال بہتر ہونے کی صورت میں، جمعرات کے روز قومی شاہراہ پر مسافر گاڑیوں، نجی کاروں اور مال بردار گاڑیوں کو دونوں طرف سے آنے جانے کی اجازت ہوگی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں کے لیے لین کی پابندی کرنا لازمی ہے اور وہ اوور ٹیکنگ اور غلط لین میں گاڑی چلانے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے ٹریفک جام ہو سکتا ہے۔
سکیورٹی فورسز کے قافلوں کو بھی دونوں سمتوں میں حرکت کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم یہ اجازت موسم اور سڑک کی صورت حال اور رامبن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹ کی تصدیق سے مشروط ہوگی۔
کشتواڑ-سنتھن-اننت ناگ روڈ (این ایچ-244) پر، سڑک کی دیکھ بھال کرنے والی ایجنسیوں کی منظوری کے بعد چھوٹی گاڑیوں اور نجی کاروں کو دونوں طرف سے آنے جانے کی اجازت ہوگی۔
پی پی پرانا سے اننت ناگ کی طرف جانے والی گاڑیوں کو صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے کے درمیان اجازت دی جائے گی، جب کہ ڈکسم سے کشتواڑ کی طرف جانے والی ٹریفک کو صبح نو بجے سے شام چار بجے کے درمیان سفر کی اجازت ہوگی۔ مقررہ آخری وقت کے بعد کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈورو میں نالہ سندران پر پل کے ساتھ فٹ پاتھ کا مطالبہ، ایک کروڑ سے زائد لاگت والے اوور ہیڈ پل کی افادیت پر سوالات
سرینگر-سونمرگ-گُمری سڑک پر، موسم اور سڑک کی صورت حال بہتر ہونے کی صورت میں چھوٹی گاڑیوں کو دونوں سمتوں سے آنے جانے کی اجازت ہوگی۔ سونمرگ سے کارگل کی طرف اور مینامرگ سے سرینگر کی طرف جانے والی گاڑیوں کو سڑک کی دیکھ بھال کرنے والی ایجنسیوں سے منظوری ملنے کے بعد مقررہ اوقات کے اندر ہی سفر کرنا ہوگا۔
مینامرگ سے سری نگر کی طرف جانے والی بڑی گاڑیوں کو دوپہر 12 بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان سفر کی اجازت ہوگی۔ شام پانچ بجے کے بعد کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایس ایس جی روڈ پر سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سڑک پر پھسلن کے امکان کے پیشِ نظر اینٹی سکڈ زنجیریں اپنے ساتھ رکھیں اور ان کا استعمال کریں۔
نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے سڑک کشادہ کرنے کے جاری کام کے باعث، قومی شاہراہ 44 کے ڈگڈول-خونی نالہ سیکشن پر دن کے وقت کشمیر جانے والے تیل اور گیس کے ٹینکروں کی آمد و رفت پر پابندی رہے گی۔
سرنگوں کے ذریعے دن کے وقت آتش گیر مادہ لے جانے والے ٹینکروں کی آمد و رفت پر پابندی ہے۔ اس لیے اوپر کی طرف جانے والے ٹینکروں کو چنانی سے آگے جانے کی اجازت صرف شام پانچ بجے سے صبح پانچ بجے کے درمیان ہوگی۔
ٹینکر آپریٹرز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی اسی حساب سے کریں۔ رامبن اور بانہال کے درمیانی حصے میں پتھر گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر، تازہ و خراب ہونے والی اشیاء اور مویشی لے جانے والی چھوٹی اور بڑی مال بردار گاڑیوں کے مالکان کو بھی ٹریفک پولیس کی ایڈوائزریز پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں گرج چمک اور بارش کا امکان، جموں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی
گاڑیوں کے مالکان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں ضرورت سے زیادہ وزن نہ لادیں، سفر سے پہلے گاڑی کی فٹنس چیک کریں اور مناسب مقدار میں ایندھن ساتھ رکھیں۔
مغل روڈ پر موسم صاف رہنے، سڑک کی صورت حال بہتر ہونے اور سڑک کی دیکھ بھال کرنے والی ایجنسی کی منظوری کے بعد دونوں سمتوں سے ٹریفک کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔
بفلیاز میں چندی مڑھ اور شوپیاں کے درمیان، اور اسی طرح مخالف سمت میں، صبح سات بجے سے شام چھ بجے کے درمیان پہلے چھوٹی گاڑیوں اور پھر 10 ٹائروں تک کی بڑی گاڑیوں کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔
مقررہ آخری وقت کے بعد کسی بھی گاڑی کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک پولیس نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ اپنے سفر کا آغاز کرنے سے پہلے، خاص طور پر بارش کے دوران سڑک کی صورت حال کی تصدیق ضرور کریں۔
موسم کی تازہ ترین پیش گوئی یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ بالخصوص 13 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے امکان کے باوجود، موسم عام طور پر گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرج چمک کے دوران احتیاط برتیں اور کھلی جگہوں، درختوں اور کمزور ڈھانچوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:
پانچ ستمبر سے رامبن میں دو روزہ میگا پہاڑی ایتھنک فوک فیسٹیول کا کیا جائے گا انعقاد

