ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ممبئی ٹریول اینڈ ٹورزم فیئر میں جموں و کشمیر کو ’بہترین مذہبی سیاحتی مقام‘ کا ایوارڈ
ٹی ٹی ایف میں قائم جموں کشمیر پویلین میں گلمرگ، پہلگام، سونمرگ، کٹرا، پٹنی ٹاپ اور بھدرواہ جیسے معروف سیاحتی مقامات کو نمایاں کیا گیا۔

Published : August 23, 2026 at 3:32 PM IST
جموں: جموں و کشمیر کو ممبئی میں منعقدہ تین روزہ ٹریول اینڈ ٹورزم فیئر (ٹی ٹی ایف) 2026 میں ’بہترین زیارتی اور مذہبی سیاحتی مقام‘ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ میلہ جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا۔ اختتامی تقریب کے دوران جموں و کشمیر کے محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر وکاس گپتا نے ریاستی حکومت کی جانب سے یہ ایوارڈ حاصل کیا۔
جموں و کشمیر ہر سال لاکھوں زائرین کی میزبانی کرتا ہے۔ یہاں ماتا ویشنو دیوی کے مشہور مندر کے علاوہ امرناتھ، بدھ امرناتھ، مچھیل اور متعدد صوفی مزارات بھی موجود ہیں، جن میں حضرت بل، مخدوم صاحب، شاہ اسرار اور چرارِ شریف جیسے اہم مذہبی مقامات شامل ہیں۔
تین روزہ ٹریول اینڈ ٹورزم فیئر نے جموں و کشمیر کے محکمہ سیاحت کو خطے کے وسیع اور متنوع سیاحتی امکانات دنیا کے سامنے پیش کرنے، ٹریول ٹریڈ اور صنعت سے وابستہ افراد کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور جموں و کشمیر کو سال بھر سیاحوں کے لیے پرکشش مقام کے طور پر فروغ دینے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔
ٹی ٹی ایف میں قائم جموں و کشمیر پویلین میں گلمرگ، پہلگام، سونمرگ، کٹرا، پٹنی ٹاپ اور بھدرواہ جیسے معروف سیاحتی مقامات کو نمایاں کیا گیا۔ اس کے علاوہ گریز، پنچاری، بنی، بنگس ویلی اور ایتھم جیسے نسبتاً نئے اور منفرد سیاحتی مقامات کو بھی متعارف کرایا گیا۔
پویلین کے ذریعے جموں و کشمیر کی سیاحت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا، جن میں مذہبی و زیارتی سیاحت، مہم جوئی، قدرتی حسن، تاریخی ورثہ، صحت و فلاح، دستکاری، ہینڈلوم اور مقامی ثقافت و تجربات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہوم اور کار لون لینے والوں کی مشکلات بڑھنے کا خدشہ، آر بی آئی گورنر کا شرحِ سود بڑھانے کا اشارہ
جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاحتی شعبے کے نمائندوں اور اسٹیک ہولڈرز نے بھی میلے میں شرکت کی۔ انہوں نے ٹریول اینڈ ٹورزم فیئر میں جموں و کشمیر کو اپنی سیاحتی صلاحیتوں اور مواقع کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

