ETV Bharat / jammu-and-kashmir

ایشیا کے سب سے بڑے کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز فارم میں 62 لاکھ انڈے تیار، سالانہ 100 ٹن مچھلیوں کی پیداوار

کوکرناگ کے قدرتی، شفاف اور ٹھنڈے چشموں سے مسلسل بہنے والا آکسیجن سے بھرپور پانی ٹراؤٹ مچھلی کی افزائش کے لئے نہایت موزوں ہے۔

ایشیا کے سب سے بڑے کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز فارم میں 62 لاکھ انڈے تیار سالانہ 100 ٹن مچھلیوں کی پیداوار
ایشیا کے سب سے بڑے کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز فارم میں 62 لاکھ انڈے تیار سالانہ 100 ٹن مچھلیوں کی پیداوار (Etv Bharat)
author img

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team

Published : July 9, 2026 at 10:36 AM IST

|

Updated : July 10, 2026 at 10:05 AM IST

7 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ (میر اشفاق): جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کی خوبصورت برینگ وادی میں واقع کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز پروجیکٹ ایشیا کا سب سے بڑا ٹراؤٹ فش فارم اور دنیا کے ممتاز سرد پانی کے فشریز مراکز میں شمار کیا جاتا ہے۔اس فارم کو جموں کشمیر کی بلیو اکانومی کا ایک مضبوط ستون مانا جاتا ہے۔ جہاں پیدوار میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔سنہ 1984 میں قائم کیا گیا یہ منصوبہ تقریباً 400 کنال رقبے پر محیط ہے۔ یہ فارم گرمائی دارالحکومت سری نگر سے تقریباً 76 کلومیٹر جبکہ ضلع صدر مقام اننت ناگ سے 26 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔

ایشیا کے سب سے بڑے کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز فارم میں 62 لاکھ انڈے تیار، سالانہ 100 ٹن مچھلیوں کی پیداوار (ETV BHARAT)


کوکرناگ کے قدرتی، شفاف اور ٹھنڈے چشموں سے مسلسل بہنے والا آکسیجن سے بھرپور پانی ٹراؤٹ مچھلی کی افزائش کے لئے نہایت موزوں ماحول فراہم کرتا ہے۔ یہاں جدید سائنسی طریقوں کے ذریعے بنیادی طور پر رینبو ٹراؤٹ اور براؤن ٹراؤٹ کی افزائش کی جاتی ہے۔

ایشیا کے سب سے بڑے کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز فارم میں 62 لاکھ انڈے تیار سالانہ 100 ٹن مچھلیوں کی پیداوار
ایشیا کے سب سے بڑے کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز فارم میں 62 لاکھ انڈے تیار سالانہ 100 ٹن مچھلیوں کی پیداوار (etv bharat)



یہ فارم سالانہ 60 لاکھ سے زائد ٹراؤٹ انڈے، 20 لاکھ سے زیادہ فش سیڈ (مچھلیوں کے بچے) اور 100 میٹرک ٹن سے زائد رینبو ٹراؤٹ پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ جموں، کشمیر اور لداخ کے سرکاری و نجی ٹراؤٹ فارمز کے لیے معیاری فش سیڈ فراہم کرنے والا مرکزی (مدر) یونٹ بھی ہے، جس نے پورے خطے میں ٹراؤٹ فارمنگ کو فروغ دینے اور ٹراؤٹ کلچر کو عام کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

مچھلی پالن
مچھلی پالن (ETV BHARAT)



اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران فارم میں 56 لاکھ 40 ہزار ٹراؤٹ انڈے تیار کیے گئے، جبکہ مالی سال 2025-26 میں یہ تعداد بڑھ کر 62 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی۔ اسی طرح فش سیڈ کی پیداوار 18 لاکھ 3 ہزار 117 سے بڑھ کر 20 لاکھ 83 ہزار ہوگئی۔ اس کے نتیجے میں آمدنی بھی 2 کروڑ 40 لاکھ روپے سے بڑھ کر 2 کروڑ 70 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیج کی پیداوار میں 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو فارم کی بہتر کارکردگی اور مسلسل ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔

مچھلی کی افزائش
مچھلی کی افزائش (ETV BHARAT)


پیداواری صلاحیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کو جدید سہولیات سے بھی آراستہ کیا گیا ہے، جن میں فلوٹنگ ٹراؤٹ فیڈ مینوفیکچرنگ پلانٹ، جدید ریس ویز اور سائنسی بنیادوں پر قائم افزائشی نظام شامل ہیں، جہاں مچھلیوں کی پرورش جدید تکنیک کے مطابق کی جاتی ہے۔

فارم  میں تیار کی گئی مچھلی
فارم میں تیار کی گئی مچھلی (ETV BHARAT)


کوکرناگ ٹراؤٹ فش فارم آج صرف ایک پیداواری مرکز نہیں بلکہ سیاحت، تحقیق اور تعلیمی سرگرمیوں کا بھی ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔ ہر سال ہزاروں سیاح، طلبہ، محققین اور ماہی پروری سے وابستہ افراد اس منفرد منصوبے کا مشاہدہ کرنے کے لیے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
یہ منصوبہ جموں و کشمیر کی بلیو اکانومی کو مضبوط بنانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، مقامی معیشت کو مستحکم کرنے، پائیدار آبی زراعت کو فروغ دینے اور اعلیٰ معیار کی ٹراؤٹ مچھلی کی پیداوار بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز فارم
کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز فارم (ETV BHARAT)


کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز پروجیکٹ کے چیف پلاننگ افسر سجاد احمد کے مطابق یہ فارم سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں ٹراؤٹ فارمنگ کے فروغ کا بنیادی مرکز ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف سرکاری خزانے کو آمدنی حاصل ہو رہی ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں برس فارم کی مجموعی پیداوار میں 10 سے 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ سالانہ تقریباً 100 ٹن ٹراؤٹ مچھلی پیدا کی جا رہی ہے اور آئندہ اس میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (ایچ اے ڈیپی) کے تحت اس منصوبے کو نئی وسعت ملی ہے، جس کے نتیجے میں ٹراؤٹ کلچر نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔

400 کنال رقبے پر محیط فارم
400 کنال رقبے پر محیط فارم (ETV BHARAT)



فارم منیجر سید منظور کے مطابق ہر سال پیداواری اہداف مقرر کیے جاتے ہیں اور پیداوار میں 20 سے 30 فیصد اضافے کا ہدف رکھا جاتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، تجربہ کار عملے اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے ذریعے ان اہداف کو حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی، ماحولیاتی تبدیلی یا پانی کی کمی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فارم میں متبادل انتظامات اور جدید تکنیک پہلے سے موجود ہیں، جبکہ اب تک پانی کی روانی میں ایسی کوئی کمی نہیں آئی جو فارم کی سرگرمیوں کے لیے خطرہ بنے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹراؤٹ مچھلی کی بریڈنگ کا سیزن نومبر سے فروری کے آخر تک جاری رہتا ہے، جب شدید سردی اور منفی درجہ حرارت کے باوجود مچھلیوں سے انڈے حاصل کیے جاتے ہیں۔ ان انڈوں کی دیکھ بھال انتہائی حساس اور محنت طلب مرحلہ ہوتا ہے، تاہم تربیت یافتہ عملہ اس ذمہ داری کو کامیابی سے انجام دیتا ہے۔
سید منظور کے مطابق انڈوں کا لائف سائیکل تقریباً 40 دن پر مشتمل ہوتا ہے، جس کے بعد انہیں سرکاری اور نجی فش فارمز کو فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آئیڈ اُوا اور پانچ سے چھ گرام وزن کے مچھلیوں کے بچوں کی پرورش بھی فارم میں کی جاتی ہے، جس کا سیزن اپریل کے آخر تک جاری رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع، خصوصاً ڈوڈہ، کشتواڑ اور ریاسی کو مچھلیوں کے بچے فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ جموں اور لداخ کو دسمبر کے مہینے میں تازہ ٹراؤٹ انڈے سپلائی کیے جاتے ہیں۔وہیں ماضی میں مذکورہ فارم سے بھوٹان اور تمل ناڈو کو بھی بیچ برآمد کئے گئے تھے

انہوں نے مزید کہا کہ ٹراؤٹ فارمنگ میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ اب آر اے ایس (راس ) ٹیکنالوجی کے ذریعے وہ افراد بھی ٹراؤٹ مچھلی پال سکتے ہیں جن کے پاس قدرتی پانی کے ذرائع موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے بے روزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مختلف سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھا کر اس شعبے میں قدم رکھیں، جبکہ محکمہ فشریز ہر ممکن تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

مزید پڑھیں:'رسمی کارروائی نہیں، ماہر غوطہ خور بھیجیں': کشن گنگا دریا میں غرقاب بچے کی تلاش تیسرے روز میں داخل


کوکرناگ ٹراؤٹ فشریز پروجیکٹ اپنی جدید ٹیکنالوجی، اعلیٰ پیداواری صلاحیت، تحقیقی اہمیت اور تربیتی کردار کے باعث نہ صرف ایشیا کا سب سے بڑا ٹراؤٹ فش فارم ہے بلکہ جموں و کشمیر کی معیشت، آبی زراعت، سیاحت اور پائیدار ترقی کے سفر میں ایک نمایاں اور قابلِ فخر ادارہ بھی بن چکا ہے۔

Last Updated : July 10, 2026 at 10:05 AM IST