ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں میں سال 2025 میں منشیات کے 311 ملزمان گرفتار، 35 خواتین منشیات فروش بھی شامل

نفاذ قانون کے ساتھ ساتھ جموں پولیس نے بیداری اور بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی۔

جموں میں سال 2025 میں منشیات کے 311 ملزمان گرفتار، 35 خواتین منشیات فروش بھی شامل
جموں میں سال 2025 میں منشیات کے 311 ملزمان گرفتار، 35 خواتین منشیات فروش بھی شامل (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 3, 2026 at 8:56 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں:( محمد اشرف گنائی) ضلع پولیس جموں نے سال 2025 کے دوران منشیات کے خلاف اپنی مسلسل اور سخت کارروائیوں کے تحت نمایاں اور تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پولیس نے، خفیہ معلومات پر مبنی کارروائیوں اور عوامی تعاون کے ذریعے منشیات کے نیٹ ورک کو سال 2025 میں شدید نقصان پہنچایا۔ پولیس ترجمان نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ سال 2025 میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مجموعی طور پر 204 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جن میں 311 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 35 خواتین منشیات فروش بھی شامل ہیں۔ اس دوران منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 71 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ گرفتار شدگان میں سے 207 ملزمان ہیروئن (چٹا) سے متعلق کیسز میں جبکہ 51 ملزمان غیر چٹا معاملات میں گرفتار ہوئے۔


سال 2025 میں جموں پولیس نے بڑی مقدار میں منشیات ضبط کرتے ہوئے 15 کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد کی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 60 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 78 کلوگرام گانجا، 114 کلوگرام پوست بھوسہ، بڑی مقدار میں کیپسولز اور افیون بھی ضبط کی گئی۔


خصوصی طور پر قابل ذکر بات یہ ہے کہ 11 کمرشل مقدار کے این ڈی پی ایس کیسز سامنے آئے، جن میں 38 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جو منظم منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی کا ثبوت ہے۔ مزید برآں 11 عادی اور خطرناک منشیات فروشوں کو سخت پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا۔


پولیس ترجمان نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ منشیات کے نیٹ ورکس کی مالی بنیاد توڑنے کے لیے جموں پولیس نے تین غیر منقولہ جائیدادیں جن کی مالیت 85,70,285 روپے ہے اور ایک منقولہ جائیداد یعنی گاڑی جس کی مالیت 11,40,000 روپے ہے، ضبط کی۔ ضلع میں شناخت شدہ تین منشیات ہاٹ اسپاٹس کو مسمار کیا گیا جبکہ سال 2025 کے دوران منشیات سے جڑی 23 غیر قانونی تعمیرات بھی منہدم کی گئیں۔ اسی مدت میں 48 مقدمات میں سزائیں بھی دلائی گئیں۔


سپلائی چین کی تحقیقات کے نتیجے میں 12 ایف آئی آرز درج ہوئیں اور 36 گرفتاریاں عمل میں آئیں، جو جموں، پنجاب، کٹھوعہ، اودھم پور اور راجوری تک پھیلی ہوئی کارروائیوں کا حصہ تھیں۔


این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ اے 52 کے تحت ضبط شدہ منشیات کی بڑے پیمانے پر تلفی بھی کی گئی۔ سال 2025 کے دوران 82 کیسز میں ضبط شدہ منشیات کو مکمل طور پر تباہ کیا گیا، جن میں 5293 کلوگرام 204 گرام پوست بھوسہ، 49 کلوگرام 175 گرام کینابس، 44 کلوگرام 387 گرام چرس، 4 کلوگرام 90 گرام گانجا، 1 کلوگرام 406 گرام ہیروئن، 1 کلوگرام براؤن شوگر، 38,480 کیپسولز، 660 بوتلیں کوریكس اور 6,020 گولیاں شامل ہیں۔ تلف کی گئی منشیات کی مجموعی مالیت کئی کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔


نفاذ قانون کے ساتھ ساتھ جموں پولیس نے بیداری اور بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی۔ سال 2025 میں 27 منشیات بیداری پروگرام، 325 پی سی پی جی میٹنگز، 179 تھانہ دیوس، 469 آئی ای سی مہمات اور 9 خصوصی بیداری پروگرام پولیس ڈرگ ڈی ایڈکشن و ریہیبلیٹیشن سینٹر، چنی جموں کے ذریعے منعقد کیے گئے۔ ڈرگ ڈی ایڈکشن، ریہیبلیٹیشن اور مینٹل ہیلتھ کیئر سینٹر، چنی جموں میں سال کے دوران 1,667 او پی ڈی مریضوں کا علاج کیا گیا جبکہ 311 مریضوں کو داخل کیا گیا۔