ETV Bharat / jammu-and-kashmir

پلوامہ میں غیر محفوظ پانی کی فراہمی پر عوام میں تشویش، صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ

مقامی لوگوں کے مطابق گھروں کو رومشی نالے کا پانی مناسب طریقے سے صاف یا فلٹر کیے بغیر سپلائی کیا جاتا ہے۔

غیر محفوظ پانی کی فراہمی
غیر محفوظ پانی کی فراہمی (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 22, 2026 at 9:47 AM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

پلوامہ( سید عادل مشتاق): جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں متعدد واٹر سپلائی اسکیموں کے ذریعے مبینہ طور پر بغیر مناسب ٹریٹمنٹ کے خام پانی گھروں تک پہنچائے جانے کی شکایات سامنے آنے کے بعد عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں باقاعدگی کے ساتھ صاف، تازہ اور پینے کے قابل محفوظ پانی فراہم کیا جائے۔

چیک بیلو کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا کہ علاقہ گزشتہ کئی برسوں سے پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی مناسب سہولت سے محروم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد مرتبہ متعلقہ محکمہ، انتظامیہ اور حکام سے رجوع کرنے کے باوجود مسئلہ مستقل طور پر حل نہیں کیا گیا۔



مقامی لوگوں کے مطابق گھروں کو فراہم کیا جانے والا پانی نالہ رومشی سے براہِ راست حاصل کیا جاتا ہے اور اسے مناسب طریقے سے صاف یا فلٹر کیے بغیر سپلائی کیا جاتا ہے، جس کے باعث پانی کے معیار اور انسانی صحت کے حوالے سے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔

صاف و محفوظ پانی کی فراہمی کا مطالبہ
صاف و محفوظ پانی کی فراہمی کا مطالبہ (ETV BHARAT)



رہائشیوں نے کہا کہ آلودہ یا غیر صاف پانی کے مسلسل استعمال سے مختلف بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ فوری اقدامات کرتے ہوئے پانی کے ذرائع کا مناسب ٹریٹمنٹ یقینی بنایا جائے اور ہر گھر تک صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیک بیلو کے رہائشیوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ علاقہ بنیادی سہولیات اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے طویل عرصے سے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

غیر محفوظ پانی کی فراہمی
غیر محفوظ پانی کی فراہمی (ETV BHARAT)

ان کا کہنا تھا کہ بارہا مطالبات اور انتخابات میں شرکت کے باوجود علاقے میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ انہوں نے انتظامیہ اور حکومت سے اپیل کی کہ ان کے دیرینہ مسائل کا ازالہ کرتے ہوئے علاقے میں ضروری ترقیاتی کام شروع کیے جائیں۔

دریں اثنا جل شکتی محکمہ پلوامہ کے ایگزیکٹو انجینئر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالائی علاقوں میں مسلسل بادل پھٹنے کے واقعات اور شدید بارشوں کے باعث فلٹریشن پلانٹس کے کام کاج متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی میں خلل پڑا ہے۔

مزید پڑھیں:صرف 25 ایف آئی آر واپس لینے کے اقدام پر تنقید، لداخ لیڈروں نے یوٹی انتظامیہ پر تفرقہ ڈالنے کی سازش کا لگایا الزام

انہوں نے کہا کہ صورتحال کو معمول پر لانے اور متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ ٹینکر سروس کے ذریعے محفوظ اور صاف پانی فراہم کر رہا ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ مشکل حالات میں محکمہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ صاف اور محفوظ پینے کا پانی ہر گھر تک پہنچایا جا سکے۔