ETV Bharat / jammu-and-kashmir

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات واضح، قبل از وقت شگوفے نکلنا کسانوں کے لیے خطرے کی گھنٹی

فصل کی نشونما کا تعلق موسم سے ہوتا ہے، بے موسم شگوفے نکلنا اور پھل لگنا فصل خراب ہونے کی نشانی ہوتی ہے

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات واضح، قبل از وقت شگوفے نکلنا کسانوں کے لیے خطرے کی گھنٹی
موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات واضح، قبل از وقت شگوفے نکلنا کسانوں کے لیے خطرے کی گھنٹی (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team

Published : February 20, 2026 at 10:42 AM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ (میر اشفاق): موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اب واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ، بارشوں اور برفباری کے نظام میں تبدیلی اور سردیوں کی شدت میں کمی جیسے عوامل نے زرعی نظام کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ رواں برس بھی برفباری اور بارشوں کی کمی اور حالیہ دنوں درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافے کے بعد میوہ دار درختوں کے شگوفوں کا قبل از وقت پھوٹ پڑنا ایک تشویشناک علامت کے طور پر سامنے آیا ہے۔


عام طور پر میوہ درخت ایک مخصوص موسمی ترتیب کے تحت نشوونما پاتے ہیں۔ سردیوں کے دوران درجہ حرارت کی مناسب کمی درختوں کو آرام (ڈارمنسی) کی حالت میں رکھتی ہے، جس کے بعد بہار کی آمد پر بتدریج شگوفے نکلتے ہیں۔ تاہم موجودہ صورتحال میں سردیوں کی مدت اور شدت میں کمی کے باعث درختوں کا حیاتیاتی نظام متاثر ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں شگوفے وقت سے پہلے نمودار ہو رہے ہیں۔

بے موسم شگوفے نکلنا کسان کیلئے باعث تشویش ہے
بے موسم شگوفے نکلنا کسان کیلئے باعث تشویش ہے (ETV BHARAT)



نازک شگوفے قبل از وقت پھوٹ پڑنے سے نشو و نما نہیں پاتے ہیں اور مرجھا کر خراب ہو جاتے ہیں جس سے پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہونے کا اندیشہ ہے۔جنوبی کشمیر خاص کر اننت ناگ کے کئی علاقوں میں بادام ،آڑو ،ایپریکاٹ ،پُلم میوہ درختوں کے شگوفے مکمل طور پر پھوٹ پڑے ہیں جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔


کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر موسم کا حال ایسا ہی رہا تو ہر میوہ جات کے شگوفے قبل ازوقت پھوٹ پڑیں گے، جس کی وجہ سے پیداوار ختم ہونے کا اندیشہ ہے ،انہوں نے کہا کہ فی الحال بادام ،آڑو ،ایپریکاٹ ،پُلم کے شگوفے نکل پڑے ہیں یہ اس بات کی علامت ہے کہ سیب ناشپاتی و دیگر پھل بھی متاثر ہو سکتے ہیں جس پر ان کی روزی روٹی منحصر ہے۔

فصل کی نشونما موسم پر منحصر ہوتی ہے
فصل کی نشونما موسم پر منحصر ہوتی ہے (ETV BHARAT)


ان میں اسی وجہ سے تشویش پائی جا رہی ہے،کیونکہ میوہ باغات ان کی معیشت کا بنیادی ستون ہیں۔ قبل از وقت شگوفہ نکلنا نہ صرف فصل کے معیار کو متاثر کر سکتا ہے بلکہ پیداوار میں بدریج کمی ہو سکتی ہے۔

ماہرین موسمیات اور زرعی سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر موسمیاتی تبدیلیوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو آئندہ برسوں میں زرعی اور باغبانی شعبہ مزید دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔

ماہرِ ماحولیات پروفیسر رؤف احمد گنائی نے خبردار کیا ہے کہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور انسانی آبادی کے بتدریج پھیلاؤ نے ماحولیات کے توازن کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق اہم گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، بارشوں اور برفباری میں نمایاں کمی آ رہی ہے جبکہ زمین کی نمی کم ہونے سے زرعی شعبہ بھی خطرات سے دوچار ہو چکا ہے۔ یہ صورتحال مستقبل کے لیے ایک سنگین ماحولیاتی چیلنج بن سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:'رمضان کی آمد کے دوران بازاروں میں اشیاء کی قیمتیں آسمان چھونے لگتی ہیں'


انہوں نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر شجرکاری کو ناگزیر قرار دیا اور کسانوں پر زور دیا کہ وہ جدید زرعی طریقہ کار اپنائیں۔ موسمی پیشگوئیوں پر مبنی کاشتکاری، بہتر آبپاشی نظام، جدید بیجوں کی تیاری اور درختوں کی سائنسی نگرانی جیسے اقدامات کے ذریعے ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت اور اجتماعی اقدامات ہی ماحول کے تحفظ اور زرعی استحکام کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

شگوفہ
شگوفہ (ETV BHARAT)