ETV Bharat / jammu-and-kashmir
'سرکاری زمین' پر تعمیر منشیات فروش کی دکانیں مسمار
اودھم پور پولیس اور ضلع انتظامیہ نے آئندہ دنوں بھی انہدامی کارروائی جاری رکھے جانے کا عندیہ دیا۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : May 22, 2026 at 7:30 PM IST
ادھمپور (آشیش دَت): اودھم پور ضلع انتظامیہ اور جموں کشمیر پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ ایک بار پھر پولیس اور انتظامیہ نے بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے منشیات کے کاروبار سے جڑے ایک شخص کی لاکھوں روپے مالیت کی غیر قانونی جائیداد پر بلڈوزر چلا کر واضح پیغام دیا ہے کہ اب نشہ اسمگلروں کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
یہ معاملہ اودھم پور ضلع کے چنانی تھانہ علاقے کے سرمولی علاقے کا ہے، جہاں سرینگر جموں قومی شاہراہ کے کنارے سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی دکانوں کو آج پولیس اور انتظامیہ نے منہدم کر دیا۔ کارروائی کے دوران پولیس، محکمہ مال اور انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم موقع پر موجود رہی۔ بھاری پولیس نفری کی تعیناتی کے بیچ 'غیر قانونی تعمیرات' کو منہدم کیا گیا۔ موقع پر مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود رہی۔
تحصیلدار اودھم پور جئے سنگھ نے بتایا کہ تریلوچن دت نامی ایک شخص این ڈی پی ایس کے کئی معاملات میں ملوث رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ "سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کرکے دکانیں تعمیر کی گئی تھیں، جس کے بعد قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے انتظامیہ نے یہ قدم اٹھایا۔"
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کے ذریعے حاصل کردہ آمدن سے جمع کی گئی غیر قانونی جائیدادوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور آئندہ بھی اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ڈی وائی ایس پی (ایس ڈی پی او) چنینی سکھویر سنگھ نے انتباہ کیا کہ "جو لوگ نوجوانوں کے مستقبل کو منشیات کے دلدل میں دھکیل رہے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔" پولیس اور انتظامیہ نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں کو اب کسی بھی حالت میں بخشا نہیں جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:

