
ETV Bharat / jammu-and-kashmir
آپریشن سندور کا دوسرا مرحلہ زیادہ تباہ کن ہوگا: پاکستان کو لیفٹیننٹ جنرل منوج کٹیار کا انتباہ
لیفٹیننٹ جنرل کٹیار نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر پاکستان کی جانب سے دوبارہ اشتعال انگیزی کی گئی تو آپریشن سندور 2.0 زیادہ "مہلک" ہوگا۔

Published : October 14, 2025 at 7:41 PM IST
جموں:( محمد اشرف گنائی) مغربی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف (GoC-in-C)، لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار نے پاکستان کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے دوبارہ ہندوستان کی سرزمین پر حملے کی جرات کی تو جواب ’’آپریشن سندور‘‘ سے کہیں زیادہ تباہ کن اور فیصلہ کن ہوگا۔
میگا ایکس سروس مین ریلی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل کٹیار نے کہا کہ اگرچہ 1965 کی جنگ سے لے کر آج تک جنگی ٹیکنالوجی میں بےحد تبدیلی آئی ہے، مگر بھارتی فوج کا حوصلہ، جذبہ اور عزم آج بھی ویسا ہی مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں ڈرونز کے ذریعے جموں اور پٹھانکوٹ ایئر بیس پر حملوں کی کوشش کی، لیکن ہماری اینٹی ایئر ڈیفنس سسٹمز نے ہر کوشش ناکام بنا دی۔
لیفٹیننٹ جنرل کٹیار نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان نے دوبارہ حملہ کیا تو جواب ’آپریشن سندور‘ سے بھی زیادہ گھاتک اور تباہ کن ہوگا۔ جب تک پاکستان اپنی ذہنیت نہیں بدلتا، اسے ایسے ہی نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج ہر طرح کے چیلنج کے لیے تیار ہے اور اگر ضرورت پڑی تو “آپریشن سندور 2.0” کا آغاز کیا جائے گا، جو پہلے سے کہیں زیادہ تباہ کن ثابت ہوگا۔
ان کے مطابق، آپریشن سندور میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو تباہ کیا گیا اور پاکستانی ایئر بیسز اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ آج ہماری صلاحیت پہلے سے کہیں زیادہ جدید اور نشانے پر کاری ہے۔ مغربی کمان کے سربراہ نے کہا کہ آپریشن سندور کی کامیابی میں انتظامیہ، سابق فوجیوں اور مقامی آبادی کا بڑا کردار رہا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے 5 ایف 16 لڑاکا طیارے تباہ کیے، فضائیہ کے سربراہ کا بڑا بیان سامنے آگیا
لیفٹیننٹ جنرل کٹیار نے کہا کہ بھارتی فوج 740 کلومیٹر طویل لائن آف کنٹرول پر مکمل مستعد ہے جبکہ 240 کلومیٹر بین الاقوامی سرحد کی ذمہ داری بارڈر سیکیورٹی فورس کے سپرد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور اگر پاکستان نے کوئی حرکت کی تو اس بار جواب تاریخ رقم کرے گا۔

