ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ترال میں سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا افتتاح
اے ڈی سی ترال نے محکمہ صحت کے عہدیدار وں سے بات کی اور زور دیا کہ وہ ویکسینیشن کے پروگرام کو کامیاب بنائیں۔

Published : March 2, 2026 at 3:28 PM IST
ترال: ملک بھر کے ساتھ ساتھ آج وادی بھر میں سروائیکل کینسر سے بچاو کے لیے ایچ پی وی ویکسینیشن کا آغاز ہوا۔ ترال میں اس ویکسینیشن کا افتتاح ایڈشنل ڈپٹی کمشنر ترال ساجد یحی نقاش نے کیا۔ اس موقع پر بی ایم او ترال ڈاکٹر جواہرہ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اے ڈی سی ترال نے محکمہ صحت کے عہدیدار وں سے بات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اس ویکسینیشن کے پروگرام کو کامیاب بنانے کےلیے عوامی حلقوں میں آگاہی پھیلا ئیں۔ بی ایم اور ترال ڈاکٹر جواہرہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویکسینیشن ایچ پی وی نیشنل پروگرام کا ایک حصہ ہے۔ جس کے تحت ملک بھر کی چودہ برس سے زائد عمر کی لڑکیوں کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔
انہوں عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو یہ ویکسین لگوائیں تاکہ وہ کینسر جیسی مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی حلقوں میں جو خدشات پیدا ہوگئے ہیں ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ترال کے مختلف علاقوں میں اس حوالے سے آشا ورکرز کو کام پر لگایا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے 28 فروری 2026 کو راجستھان کے اجمیر میں خواتین میں سروائیکل کینسر کی روک تھام کے لیے ملک گیر ایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام کا آغاز کیا۔ ملک گیر لانچ کے بعد، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے بھی اسی دن اپنے اپنے ایچ پی وی ویکسینیشن لانچ ایونٹس کا انعقاد کیا۔ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 14 سال اور اس سے زیادہ عمر کی تقریباً 11.5 ملین لڑکیاں سرکاری سہولیات پر مفت ویکسین حاصل کریں گی۔

