ETV Bharat / jammu-and-kashmir

ارجن سنگھ راجو نے کوآپریٹو ہفتہ 2026 کے طور پر جدید فوڈ پیکجنگ یونٹ کا افتتاح کیا

ارجن سنگھ راجونے کہا کوآپریٹیو تحریک نہ صرف دیہی معیشت بلکہ کسانوں کو بااختیار بنانے میں بھی اہم کردارادا کر رہی ہے

ارجن سنگھ راجو نے کوآپریٹو ہفتہ 2026 کے طور پر جدید فوڈ پیکجنگ یونٹ کا افتتاح کیا
ارجن سنگھ راجو نے کوآپریٹو ہفتہ 2026 کے طور پر جدید فوڈ پیکجنگ یونٹ کا افتتاح کیا (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : July 6, 2026 at 7:43 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

رامبن ( نواز رونیال ) : مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں آج کوآپریٹو ہفتہ 2026 کی اختتامی تقریب ضلع صدر مقام میتراہ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت رکنِ اسمبلی رامبن، ایڈوکیٹ ارجن سنگھ راجو نے کی۔ تقریب میں ضلع بھر کی مختلف کوآپریٹو سوسائٹیوں کے نمائندوں، سرکاری افسران، معزز شہریوں، کسانوں اور محکمہ کوآپریٹیوز کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ارجن سنگھ راجو نے کوآپریٹو ہفتہ 2026 کے طور پر جدید فوڈ پیکجنگ یونٹ کا افتتاح کیا (ETV BHARAT)


اپنے صدارتی خطاب میں رکنِ اسمبلی ارجن سنگھ راجو نے ضلع رامبن میں محکمہ کوآپریٹیوز کی مجموعی کارکردگی، ترقیاتی اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوآپریٹیو تحریک نہ صرف دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے، کسانوں کو بااختیار بنانے اور خود انحصاری کو فروغ دینے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔


انہوں نے محکمہ کوآپریٹیوز کے افسران، اہلکاروں اور ضلع کی مختلف کوآپریٹو سوسائٹیوں کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن کی بدولت حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ محکمہ آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔


تقریب کے دوران ضلع رامبن میں کوآپریٹو شعبے کی کامیابیوں، مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے لیے انجام دی گئی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کوآپریٹو ادارے دیہی معیشت کی مضبوطی، زرعی پیداوار میں اضافے، خواتین اور نوجوانوں کی معاشی خودمختاری اور مقامی وسائل کے مؤثر استعمال میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔


اس موقع پر رکنِ اسمبلی نے میتراہ میں قائم کوآپریٹو منی سپر بازار کے احاطے میں جدید فوڈ پیکیجنگ یونٹ کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد انہوں نے یونٹ کا معائنہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے انہیں یونٹ کے مختلف شعبوں، مشینری اور آئندہ منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
حکام کے مطابق یہ فوڈ پیکیجنگ یونٹ ضلع رامبن کی مقامی نامیاتی اور زرعی مصنوعات، جن میں راجما، اناردانہ، املوک، اخروٹ کے دانے اور دیگر زرعی اجناس شامل ہیں، کی معیاری صفائی، لیبلنگ، برانڈنگ اور پیکیجنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس منصوبے سے مقامی کسانوں، خود امدادی گروپوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کو اپنی مصنوعات بہتر معیار کے ساتھ منڈیوں تک پہنچانے، مناسب قیمت حاصل کرنے اور اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔
رکنِ اسمبلی نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں ویلیو ایڈیشن، برانڈنگ اور مارکیٹنگ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ مقامی پیداوار کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کسانوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کو جدید تربیت، تکنیکی معاونت اور مارکیٹنگ کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ موجودہ مسابقتی دور میں اپنی مصنوعات کو مؤثر انداز میں فروغ دے سکیں۔
تقریب میں ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹیوز رامبن، پرینکا شرما سمیت محکمہ کے دیگر افسران، مختلف کوآپریٹو سوسائٹیوں کے عہدیداران، اراکین، سماجی شخصیات اور معزز شہری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کوآپریٹو شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران، اہلکاروں اور مختلف کوآپریٹو سوسائٹیوں کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

مزید پڑھیں:شوپیان میں سرچ آپریشن چوتھے دن بھی جاری، لشکرِ طیبہ کے دو عسکریت پسندوں کی تلاش تیز


واضح رہے کہ ضلع رامبن میں کوآپریٹو ہفتہ 2026 کی تقریبات 29 جون سے 6 جولائی تک ڈپٹی کمشنر رامبن، محمد الیاس خان کی نگرانی میں منعقد کی گئیں۔ اس دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں عوامی بیداری، تربیتی پروگرام، سیمینارز، آگاہی مہمات اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تمام پروگرام ملک گیر کوآپریٹو مہم کا حصہ تھے، جن کا بنیادی مقصد کوآپریٹو تحریک کو فروغ دینا، جامع اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا، دیہی خوشحالی کو تقویت دینا اور مقامی برادریوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔