ETV Bharat / jammu-and-kashmir
اننت ناگ میں 40ویں بٹالین سی آر پی ایف اہلکاروں کی ہولی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی
کیمپ میں منعقدہ تقریب کے دوران روایتی موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ اہلکاروں کو خصوصی پکوان پیش کیے گئے۔


Published : March 4, 2026 at 10:38 PM IST
اننت ناگ : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے عاشجی پورہ کیمپ میں تعینات 40ویں بٹالین سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے ہولی کا تہوار نہایت جوش و خروش، بھائی چارے اور رواداری کے جذبے کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر کیمپ میں رنگوں کی بہار دیکھنے کو ملی اور اہلکاروں نے ایک دوسرے کو رنگ لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔
تقریب کا آغاز باقاعدہ انداز میں کیا گیا جس میں افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ اہلکاروں نے ہولی کی اہمیت اور اس کے پیغامِ امن و محبت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کی سالمیت اور عوام کی حفاظت کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور خلوص کے ساتھ انجام دیتے رہیں گے۔
کیمپ میں منعقدہ تقریب کے دوران روایتی موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ اہلکاروں کو خصوصی پکوان پیش کیے گئے۔ جوانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں اور تہوار کی مسرت میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر کیمپ کمانڈنٹ نے تمام اہلکاروں کو ہولی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مواقع فورس کے اندر اتحاد اور باہمی یگانگت کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی آر پی ایف ملک کی سب سے بڑی نیم فوجی فورس ہونے کے ناطے نہ صرف امن و امان کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ قومی تہواروں اور ثقافتی روایات کو بھی بھرپور طریقے سے مناتی ہے تاکہ ملک کی کثرت میں وحدت کی روایت کو برقرار رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: جموں خطے میں ہولی کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا
تقریب کے دوران سیکورٹی کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھا گیا اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکار بدستور اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔ عاشجی پورہ کیمپ میں منعقدہ اس رنگا رنگ تقریب نے نہ صرف فورس کے حوصلے بلند کیے بلکہ بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا واضح پیغام بھی دیا۔

