ETV Bharat / jammu-and-kashmir

اننت ناگ کا گُنڈ چہل گاؤں پیاز کی پنیری کی کاشتکاری کا بڑا مرکز، سالانہ ساڑھے چار کروڑ سے زائد پودے تیار

ایک چھوٹے سے گاؤں نے پیاز کی پنیری سے مقامی کی معیشت کو کیسے بدلا؟ دیکھیں خاص رپورٹ

Gund Chahal Emerges as a Major Onion Seedling Hub in Kashmir
اننت ناگ کا گُنڈ چہل گاؤں پیاز کی پنیری کی کاشتکاری کا بڑا مرکز (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : November 4, 2026 at 6:35 PM IST

|

Updated : November 4, 2026 at 9:08 PM IST

8 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ (میر اشفاق) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں واقع گنڈ چہل گاؤں نے پیاز کی پنیری کی بڑے پیمانے پر کاشتکاری کے ذریعے وادی کشمیر میں ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔ یہاں کے کسان کئی دہائیوں سے روایتی طور پر سبزیوں کی کاشتکاری سے وابستہ ہیں، تاہم پیاز کی پنیری کی تجارتی بنیادوں پر پیداوار نے اس گاؤں کو نہ صرف ضلع اننت ناگ بلکہ پوری وادی کشمیر کے ایک اہم زرعی مرکز کے طور پر متعارف کرایا ہے۔

اننت ناگ کا گُنڈ چہل گاؤں پیاز کی پنیری کی کاشتکاری کا بڑا مرکز، خصوصی رپورٹ (ETV Bharat)

محکمہ زراعت کے مطابق گنڈ چہل میں تقریباً 200 خاندان براہِ راست زرعی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں، اور 400 کنال سے زائد اراضی پر مختلف فصلوں اور سبزیوں کی کاشت کی جاتی ہے۔ گاؤں میں ہر سال ساڑھے چار کروڑ سے زائد پیاز کی پنیری کے پودے تیار کیے جاتے ہیں، جن کا مجموعی وزن 10 ٹن سے زیادہ بتایا جاتا ہے۔

گنڈ چہل کی سب سے نمایاں خصوصیت یہاں پیاز کی پنیری کی سائنسی اور روایتی طریقوں سے تیاری ہے۔ مقامی کسان ربیع کے موسم میں مخصوص زرعی طریقوں کے تحت زمین تیار کرکے پیاز کے بیج بوتے ہیں۔ اس کے بعد بروقت آبپاشی، کھاد کے مناسب استعمال اور مسلسل دیکھ بھال کے ذریعے پنیری کی بہترین نشوونما کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ جب پودے مطلوبہ جسامت اختیار کر لیتے ہیں تو انہیں زمین سے نکال کر گٹھڑیوں کی شکل میں فروخت کیا جاتا ہے۔ وادی کے مختلف اضلاع کے علاوہ جموں صوبے کے رام بن، کشتواڑ اور راجوری سمیت متعدد علاقوں کے کسان یہ پنیری خرید کر اپنی زرعی اراضی میں منتقل کرتے ہیں۔ اس طرح مقامی کسانوں نے ایک وسیع تجارتی نیٹ ورک قائم کیا ہے، جس سے گاؤں کی زرعی معیشت کو زبردست تقویت مل رہی ہے۔

Gund Chahal Emerges as a Major Onion Seedling Hub in Kashmir
اننت ناگ کے گُنڈ چہل گاؤں میں پیاز کی پنیری کے کھیت میں کام کرتے کسان (ETV Bharat)

پیاز کی پنیری کے علاوہ کھیرے، مرچ، ساگ اور دیگر موسمی سبزیوں کی کاشت بھی گنڈ چہل کی زرعی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کسان پیاز کی پنیری کی فروخت کے بعد موسم بہار میں کھیرے سمیت دیگر سبزیوں کی کاشت پر توجہ دیتے ہیں، جس سے انہیں سال بھر زرعی سرگرمیاں جاری رکھنے اور آمدنی کے اضافی ذرائع پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے۔

مزید پڑھیں: وانی گنڈ کولگام: سبزیوں کی کاشت سے روزگار اور خوشحالی کی نئی راہیں

مقامی کسان عبدالحمید ڈار کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی کاشتکاری ان کا آبائی پیشہ ہے اور ان کے آبا و اجداد بھی اسی شعبے سے وابستہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اپنے بزرگوں کی اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے مرچ، ساگ، کھیرے اور پیاز کی پنیری کاشت کرتے ہیں اور یہی ان کے خاندان کا بنیادی ذریعہ معاش ہے۔ عبدالحمید ڈار کے مطابق ان دنوں پیاز کی پنیری نکالنے اور فروخت کرنے کا سیزن عروج پر ہے۔ کسان سخت محنت کے بعد تیار ہونے والی پنیری کو زمین سے نکال کر منڈیوں تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس موسمی حالات سازگار رہنے کے باعث پنیری کی پیداوار کافی اچھی رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ ملے گا۔

Gund Chahal Emerges as a Major Onion Seedling Hub in Kashmir
اننت ناگ کے گُنڈ چہل گاؤں میں پیاز کی پنیری کے کھیت میں کام کرتا ایک کسان (ETV Bharat)


انہوں نے مزید کہا کہ گاؤں کی تقریباً 80 فیصد آبادی کسی نہ کسی صورت میں سبزیوں کی کاشتکاری سے وابستہ ہے، تاہم نئی اور تعلیم یافتہ نسل میں اس پیشے کے حوالے سے دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو زراعت میں مستقبل اور روزگار کے خاطر خواہ امکانات نظر نہیں آتے، جس کے باعث وہ اس شعبے کی طرف راغب نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ جدید زراعت اور سبزیوں کی تجارتی کاشتکاری کو بھی فروغ دیا جائے تاکہ نوجوان اس شعبے کو ایک باعزت اور منافع بخش پیشے کے طور پر اپنا سکیں۔

Gund Chahal Emerges as a Major Onion Seedling Hub in Kashmir
اننت ناگ کا گُنڈ چہل گاؤں پیاز کی پنیری کی کاشتکاری کا بڑا مرکز (ETV Bharat)

پیاز کی پنیری کے کاروبار سے گزشتہ تقریباً 25 برسوں سے وابستہ ثناء اللہ ڈار کا کہنا ہے کہ وہ ہر سال گنڈ چہل سے بڑی مقدار میں پیاز کی پنیری خرید کر سرینگر سمیت مختلف منڈیوں اور بازاروں میں فروخت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ پیاز کی پنیری کی پیداوار اور اس کے کاروبار میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، کیونکہ اب کسان جدید اور اعلیٰ معیار کے بیج استعمال کر رہے ہیں، جس سے پیداوار اور تجارتی امکانات میں بہتری آئی ہے۔ ثناء اللہ ڈار نے بتایا کہ یہاں پیاز کی پنیری کی مختلف اقسام تیار کی جاتی ہیں، جن میں کراچی پیاز، کشمیری پیاز، سفید پیاز اور سرخ پیاز شامل ہیں۔ ان کے مطابق کراچی پیاز کا بیج نسبتاً مہنگا اور اعلیٰ معیار کا تصور کیا جاتا ہے اور مارکیٹ میں اس کی خاصی مانگ رہتی ہے۔ انہوںں نے کہا کہ موسمی حالات سازگار رہنے کے باعث رواں سال پیداوار اچھی رہی ہے اور پنیری کی طلب بھی تسلی بخش ہے۔

Gund Chahal Emerges as a Major Onion Seedling Hub in Kashmir
اننت ناگ کے گُنڈ چہل گاؤں میں پیاز کی پنیری کے کھیت میں کام کرتا ایک کسان (ETV Bharat)

یہ بھی پڑھیں: کشمیر کی زرعی تحقیق میں کھڈونی مرکز کا 80 سالہ کردار، تحقیق اور ٹیسٹنگ کا دائرہ شمال مشرقی ریاستوں تک

چیف ایگریکلچر افسر اننت ناگ، شاہنواز حسین شاہ نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ ان اسکیموں کا مقصد کسانوں کو ضروری معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار اور ان کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنڈ چہل کے کسان سبزیوں، بالخصوص پیاز کی پنیری کی تجارتی کاشتکاری میں کافی مہارت حاصل کر چکے ہیں اور یہ گاؤں اس شعبے میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ان کے مطابق محکمہ زراعت نے گاؤں میں تقریباً 400 کنال اراضی پر مشتمل ایک 'ویجیٹیبل کلسٹر' بھی قائم کیا ہے، جس کا بنیادی مقصد مقامی اور مضافاتی کسانوں کو بروقت زرعی معاونت اور تکنیکی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

Gund Chahal Emerges as a Major Onion Seedling Hub in Kashmir
اننت ناگ کے گُنڈ چہل گاؤں میں پیاز کی پنیری کے کھیت میں کام کرتے کسان (ETV Bharat)

شاہنواز حسین شاہ نے بتایا کہ گنڈ چہل میں 400 کنال سے زائد اراضی پر پیاز کی پنیری تیار کی جاتی ہے، جس کی تجارت نہ صرف ضلع اننت ناگ اور وادی کشمیر کے مختلف علاقوں بلکہ جموں صوبے کی منڈیوں میں بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کسان اب روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ جدید اور اسمارٹ فارمنگ کی جانب بھی توجہ دے رہے ہیں۔ ماضی میں جو زمینیں مختلف وجوہات کی بنا پر خالی پڑی رہتی تھیں، اب کسان ان پر مختلف اقسام کی سبزیاں اور پنیری کاشت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مخلوط کاشتکاری (انٹیگریٹڈ فارمنگ) کے رجحان سے بھی زرعی زمین کا بہتر استعمال ممکن ہوا ہے اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

Gund Chahal Emerges as a Major Onion Seedling Hub in Kashmir
اننت ناگ کے گُنڈ چہل گاؤں میں پیاز کی پنیری کے کھیت میں کام کرتے کسان (ETV Bharat)

یہ بھی پڑھیں: کیب ڈرائیور سے کامیاب ٹراوٹ فش فارمر تک کوکرناگ کے عاشق حسین میر کا سفر، دیگر کیلئے بھی بنے تحریک

گنڈ چہل کی زرعی ترقی اس بات کی ایک نمایاں مثال ہے کہ کس طرح مقامی کسانوں کا تجربہ، روایتی مہارت اور تجارتی بنیادوں پر کی جانے والی کاشتکاری کسی دیہی علاقے کی معاشی شناخت کو تبدیل کر سکتی ہے۔ پیاز کی پنیری کی بڑے پیمانے پر تیاری اور مختلف سبزیوں کی پیداوار نے اس گاؤں کو جنوبی کشمیر کے ایک اہم زرعی مرکز کے طور پر ابھارا ہے۔ تاہم، اس زرعی شعبے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بہتر آبپاشی نظام، معیاری بیجوں کی دستیابی، کولڈ اسٹوریج کی سہولیات اور منڈیوں تک آسان رسائی کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی طرح نوجوان نسل کو جدید اور منافع بخش زرعی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے خصوصی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔

Gund Chahal Emerges as a Major Onion Seedling Hub in Kashmir
اننت ناگ کے گُنڈ چہل گاؤں میں پیاز کی پنیری کے کھیت میں کام کرتے کسان (ETV Bharat)

گنڈ چہل محض پیاز کی پنیری کی پیداوار کے لیے مشہور ایک گاؤں ہی نہیں، بلکہ یہ اس حقیقت کی عملی مثال ہے کہ اگر زراعت کو منظم، جدید اور تجارتی بنیادوں پر فروغ دیا جائے تو دیہی علاقوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے، مقامی معیشت کو مستحکم بنانے اور خودکفالت کے حصول میں نمایاں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: وادیٔ کشمیر کی روایتی سواری ٹانگہ زوال پذیر، سینکڑوں خاندانوں کا روزگار متاثر

Last Updated : November 4, 2026 at 9:08 PM IST