ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ترال: گجر برادری کا محکمہ جنگلات کے خلاف احتجاج
مظاہرین کا الزام ہے کہ محکمہ جنگلات انھیں آبائی زمینوں پر مکانات تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔

Published : January 7, 2026 at 7:01 AM IST
ترال: (شبیر بٹ) ایک طرف سرکار جموں و کشمیر میں بے گھر افراد کو آشیانہ فراہم کرنے کی غرض سے مختلف اسکیموں کے ذریعے مکانات تعمیر کرنے میں عوام کو مالی معاونت کر رہی ہے، وہیں جنوبی کشمیر کے دور افتادہ گاؤں سویناڈ لام میں مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ جنگلات انھیں آبائی زمینوں پر مکانات تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔
اس حوالے سے آج مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلات کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی افراد کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے علاقے میں تار بندی کی جا رہی ہے اور مقامی لوگوں کو ان کی آبائی زمینوں سے بے دخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مظاہرین نے بتایا کہ وہ گذشتہ کئی دہائیوں سے انہی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، تاہم محکمہ جنگلات کی کارروائیوں کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین کا الزام ہے کہ محکمہ جنگلات انہیں بلا وجہ تنگ و پریشان کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے معاملہ کئی بار متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا لیکن ہر بار ان کی آواز صدا بصحرا ثابت ہوئی۔
انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی علاقوں کے ساتھ انصاف کیا جائے اور مقامی آبادی کو بے دخلی سے تحفظ فراہم کیا جائے۔
مزید پڑھیں:
بکروالوں کی موسمی ہجرت امسال قبل از وقت شروع
ترال: ٹاون ہال میں یک روزہ گجر بکر وال کانفرنس کا اہتمام
ہمالیہ کے بالائی علاقوں کے اسکولوں کو بہت سے چیلنجز کا سامنا

