ETV Bharat / jammu-and-kashmir
حکومت بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید ڈاکٹروں کی تعیناتی کرے: ڈاکٹر محمد یوسف ٹاک
انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر پر حملے اور ضلع اسپتال پلوامہ کا ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

Published : May 23, 2026 at 3:54 PM IST
|Updated : May 23, 2026 at 5:02 PM IST
پلوامہ: (سید عادل مشتاق) جموں و کشمیر کے ضلع اسپتال پلوامہ میں گزشتہ شام ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عمر خان ڈیوٹی کے دوران حملے میں شدید زخمی ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں ان کی پیشانی پر گہرا زخم آیا اور آٹھ ٹانکے لگانے پڑے۔
اس واقعے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد یوسف ٹاک نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ زخمی ڈاکٹر عمر خان اُس وقت بیرونی مریضوں کے شعبہ (او پی ڈی) میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے جب ایک اٹینڈنٹ نے اپنے مریض کا فوری معائنہ کرنے کے لیے اُن پر دباؤ ڈالنا شروع کیا۔
ڈاکٹر ٹاک کے مطابق، ڈاکٹر عمر خان اپنی مقررہ ڈیوٹی سے ایک گھنٹہ زائد وقت تک خدمات انجام دے چکے تھے۔ انہوں نے اٹینڈنٹ کو مشورہ دیا کہ مریض کو ڈیوٹی پر موجود دوسرے ڈاکٹر کے پاس لے جایا جائے، جس پر اٹینڈنٹ مشتعل ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ اٹینڈنٹ نے پہلے ڈاکٹر کو دھکا دیا اور بعد ازاں قریب موجود بینچ سے اُن پر حملہ کیا۔ بینچ کا لوہے کا حصہ ڈاکٹر عمر خان کی پیشانی پر لگا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
ڈاکٹر محمد یوسف ٹاک نے کہا کہ ڈاکٹر انسانیت کی خدمت اور جانیں بچانے کے لیے ہوتے ہیں، نہ کہ اسپتالوں کے اندر تشدد کا نشانہ بننے کے لیے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور مریضوں کے تناسب کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت کو بڑھتی ہوئی آبادی کی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید ڈاکٹروں کی تعیناتی کرنی چاہیے۔
انہوں نے پولیس اور سول انتظامیہ پلوامہ سے مطالبہ کیا کہ ضلع اسپتال کا ماحول خراب کرنے اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اسٹیشن پلوامہ کی ایک ٹیم موقعے پر پہنچی اور حملے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت طارق احمد کھانڈے اور شارق احمد کھانڈے ولد غلام قادر کھانڈے، ساکنان وٹھمولہ پلوامہ، کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 96/2026 مختلف دفعات کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مزید پڑھیں:
کشتواڑ میں جی ایم سی حملہ کیس میں مجرموں کی گرفتاری کے بعد ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کردی
جی ایم سی اننت ناگ توڑ پھوڑ کیس میں ملزمان کو عبوری ضمانت، عدالت نے پولیس ریمانڈ مسترد کر دی
جی ایم سی اننت ناگ میں توڑ پھوڑ، واقعہ پر ایف آئی آر درج، چار افراد گرفتار

