ETV Bharat / jammu-and-kashmir
آغا سید روح اللہ مہدی کے استعفے کی خبروں پر غلام محی الدین میر کا ردِعمل
راجپورہ اسمبلی حلقہ کے اُٹھمولہ گاؤں میں کئی برسوں سے زیرِالتوا ترقیاتی مطالبات پر اب عملی طور پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


Published : August 29, 2026 at 4:03 PM IST
پلوامہ : راجپورہ کے ایم ایل اے غلام محی الدین میر نے اُٹھمولہ گاؤں کی اندرونی اور رابطہ سڑکوں کی میکڈمائزیشن کے کام کا افتتاح کیا۔ سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث مقامی لوگوں کو گزشتہ کئی برسوں سے آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق وہ طویل عرصے سے گاؤں کی اندرونی سڑکوں اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ کرتے آ رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ خراب سڑکوں کے باعث نہ صرف عام لوگوں بلکہ طلبہ، مریضوں اور دیگر مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ ان کے دیرینہ مطالبات پر توجہ دیتے ہوئے ایم ایل اے غلام محی الدین میر نے سڑکوں کی میکڈمائزیشن کے کام کا آغاز کرایا ہے، جس سے علاقے میں رابطہ نظام بہتر ہونے اور عوام کی مشکلات کم ہونے کی امید ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم ایل اے غلام محی الدین میر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حکومت کی تشکیل کے بعد مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں نے رفتار پکڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر بنیادی سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور جہاں کہیں بھی بنیادی سہولیات کی کمی ہے، وہاں مرحلہ وار ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے۔ دریں اثنا، سرینگر پارلیمانی حلقے کے رکنِ پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی کے مبینہ استعفے سے متعلق سوال پر غلام محی الدین میر نے کہا کہ فیصلہ لینا ان کی اپنی مرضی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہاراشٹر: بی جے پی کارکن 3,404 ایس آئی آر فارم کی فوٹو کاپی کرتے ہوئے پکڑا گیا، پانچ بی ایل اوز معطل
انہوں نے کہا کہ آغا سید روح اللہ مہدی نے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ اگر وہ استعفے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرتے ہیں تو اس کے بعد پارٹی ہائی کمان اور سینئر قیادت آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

