ETV Bharat / jammu-and-kashmir
کشمیر میں ایجوکیشن کنسلٹنسی فراڈ کا معاملہ بے نقاب، چار افراد کے خلاف مقدمہ درج
میڈیکل داخلے کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے ہتھیانے کا ایک معاملہ کرائم برانچ کشمیر نے بے نقاب کیا ہے۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : February 20, 2026 at 6:07 PM IST
سرینگر: بیرون ملک میڈیکل تعلیم دلانے کے نام پر کشمیر میں مبینہ دھوکہ دہی کے ایک معاملے میں کرائم برانچ کشمیر نے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے کورٹ میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔
کرائم برانچ کی اکنامک آفینسز سنگ کے ایک افسر کے مطابق ’’ملزمان پر بنگلہ دیش کے ایک میڈیکل کالج میں داخلہ دلانے کا وعدہ کر کے ایک طالب علم کے والد سے لاکھوں روپے وصول کرنے کا الزام ہے جبکہ مکمل رقم ادارے میں جمع نہیں کروائی گئی۔‘‘
شکایت گزار نے بتایا کہ انہیں اپنے ایک رشتہ دار کے ذریعے سرینگر میں قائم ایک ایجوکیشن کنسلٹنسی سے متعارف کرایا گیا، جہاں ملزمان نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے بیٹے کا بنگلہ دیش کے میڈیکل کالج میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔ بعد میں انہیں مزید افراد سے بھی ملوایا گیا جو بیرون ملک تعلیمی داخلوں کا انتظام کرنے کا دعویٰ کرتے تھے۔
والدین نے اعتماد کرتے ہوئے داخلہ فیس کی مد میں بڑی رقم ادا کی، تاہم تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے حاصل کی گئی رقم میں سے صرف آٹھ ہزار امریکی ڈالر ہی کالج میں جمع کروائے ہیں۔ حکام کے مطابق ’’بقایا رقم ادا نہ ہونے کے باعث متعلقہ طالب علم کو ادارہ چھوڑنے کیلئے کہا گیا، جس سے اس کی تعلیم متاثر ہوئی۔‘‘
کرائم برانچ نے بینک ریکارڈ، میڈیکل کالج سے موصول سرکاری دستاویزات اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر چاروں ملزمان کے خلاف الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، سرینگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔
حکام نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بیرون ملک تعلیم کے معاملات میں تصدیق شدہ اداروں سے ہی رجوع کریں تاکہ اس طرح کے فراڈ سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:

