ETV Bharat / jammu-and-kashmir
بانڈی پورہ مارکیٹ میں زبردست آگ، درجنوں دکانیں جل کر خاکستر
جمعرات کی صبح بھڑک اٹھی آگ میں گرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کروڑوں روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچنا ہے۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : February 26, 2026 at 1:00 PM IST
بانڈی پورہ (اعجاز نازکی) : شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں جمعرات کی صبح آتشزدگی کی خوفناک واردات میں درجن سے زائد دکانیں خاکستر ہو گئیں، تاہم آگ کی اس واردات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ کے سبب لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور آگ کے سبب کروڑوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ضلع بھیڑ بھاڑ والے مین مارکیٹ کے ایک حصے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور آنا فانا کئی دکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ قریب قریب بنے ڈھانچے اور ان میں آتش گیر مواد کی موجودگی سے آگ مزید اور جلدی پھیل گئی اور چند منٹوں کے اندر ہی شعلوں نے تجارتی مرکز کے ایک بڑے حصے کو اپنی زد میں لے لیا۔ عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ آگ اس قدر بھیانک تھی جس سے افراتفری پھیل گئی۔
آگ کی اطلاع فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو دی گئی اور فائر ٹینڈرز کو فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے روانہ کیا گیا۔ فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد بالآخر آگ پر قابو پا لیا۔ شعلوں کی شدت اور تنگ گلیوں کی وجہ سے آگ بجھانے کے کام میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے سبب گرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ کی وجہ سے املاک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس واقعے میں کروڑوں روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ دکانوں میں گارمنٹس، الیکٹرانکس، گروسری اور گھریلو سامان فروخت کرنے والے کئی دکاندار ہیں جنہیں بھاری نقصان ہوا ہے۔
"آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا تاہم پولیس نے واقعے سے متعلق کیس درج کر لیا ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ حکام کی جانب سے نقصان کا تخمینہ لگائے جانے سے متعلق بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ادھر، مقامی باشندوں نے فائر فائٹرز سمیت نوجوانوں کی بھی ستائش کی جنہوں نے آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور متاثرہ دکانداروں سمیت مقامی تاجر انجمنوں نے حکام سے فوری امداد اور معاوضے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:

