ETV Bharat / jammu-and-kashmir

پلوامہ کے صنعتی علاقے کے فلور مل میں سیب کے ڈبوں میں آتِشزدگی، تین لاکھ سے زائد سیب کے باکس راکھ میں تبدیل

عینی شاہدین کے مطابق آتشزدگی اچانک شروع ہوئی اور سیب کے ڈبے سب سے پہلے آگ کی زد میں آئے۔

پلوامہ کے صنعتی علاقے کے فلور مل میں سیب کے ڈبوں میں آتِشزدگی
پلوامہ کے صنعتی علاقے کے فلور مل میں سیب کے ڈبوں میں آتِشزدگی (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 7, 2026 at 4:28 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

پلوامہ: لاسی پورہ پلوامہ کے صنعتی علاقے میں واقع ایک فلور مل میں اُس وقت افرا تفری مچ گئی جب مل میں ذخیرہ شدہ سیب کے ڈبوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کا بڑا حصہ دھوئیں اور شعلوں کی لپیٹ میں آگیا، جس کے نتیجے میں قیمتی سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق آتشزدگی اچانک شروع ہوئی اور سیب کے ڈبے سب سے پہلے آگ کی زد میں آئے، جس کے باعث شعلے مزید شدت اختیار کرتے چلے گئے۔ دہکتے شعلوں اور گھنے دھوئیں کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

تین لاکھ سے زائد سیب کے  باکس راکھ میں تبدیل
تین لاکھ سے زائد سیب کے باکس راکھ میں تبدیل (ETV Bharat)

اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ فائر فائٹرز نے مسلسل اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو قابو میں کیا اور اسے قریبی یونٹس تک پھیلنے سے روک لیا۔ حکام کے مطابق اگر کارروائی میں تاخیر ہوتی تو نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔

فائر سروسز کے ایک افسر نے بتایا کہ آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو متاثر کیا ہے اور نقصان کا ابتدائی تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے میں کئی فائر ٹینڈرز اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔

سیب کے ڈبوں میں آتِشزدگی
سیب کے ڈبوں میں آتِشزدگی (ETV Bharat)

پولیس نے بھی موقع کا معائنہ کیا اور آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ یا کسی تکنیکی خرابی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔آگ لگنے کی وجہ سے تقریباً تین لاکھ روپے مالیت کے سیب کے ڈبے جل کر راکھ ہو گئے ہیں، تاہم فائر ایمرجنسی اور پولیس کی بروقت کارروائی کی بدولت کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ مالک نے بتایا کہ اچانک بھڑکی ہوئی آگ نے لمحوں میں بڑے پیمانے پر سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر ایمرجنسی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی وہ موقعِ واردات پر پہنچ گئے اور صورتحال کے پیشِ نظر راجپورہ سمیت دیگر علاقوں سے بھی فائر ٹینڈرز منگوائے گئے، تاکہ نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔