ETV Bharat / jammu-and-kashmir
کشمیر میں سردی کا قہر جاری، سرینگر میں درجہ حرارت منفی 6ڈگری ریکارڈ
گلمرگ میں پارا منفی 7.2ڈگری جبکہ دراس میں درجہ حرارت منفی 25ڈگری کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : January 9, 2026 at 11:05 AM IST
سرینگر: کشمیر میں سخت سردیوں کے چالیس روزہ ’چلہ کلاں‘ میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جا رہا ہے، وادی سمیت خطہ لداخ میں بھی سردی کی شدت جاری ہے۔ وہیں گرمائی دارالحکومت سرینگر، سکی ریزارٹ گلمرگ اور دراس میں موسم کی سرد ترین رات درج کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرینگر ہوائی اڈے پر پارا منفی 7.4 ڈگری تک گر گیا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.2 ڈگری رہا، رواں سیزن سب سے کم ہے۔
جنوبی کشمیر میں شوپیاں ضلع میں پارا منفی 7.7 ڈگری کے ساتھ ساؤتھ کشمیر کا سب سے سرد مقام رہا۔ پہلگام میں منفی 7.6 ڈگری اور پلوامہ میں منفی 7.5 ڈگری درج درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اننت ناگ ضلع میں منفی 7.1 ڈگری ریکارڈ ہوا وہیں شمالی کشمیر کے سوپور میں درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کپوارہ، بارہمولہ اور بڈگام میں بھی پارہ منفی 5.7 سے 5.9 ڈگری کے درمیان رہا۔

جموں میں موسم نسبتاً گرم
خطہ پیر پنچال سمیت جموں صوبے میں بھی سردی کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے تاہم وہاں درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری اور جموں ہوائی اڈے پر 6.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پہاڑی علاقوں میں بھدرواہ میں منفی 3.4 ڈگری، راجوری منفی 1.7 ڈگری، ادھم پور منفی 1 ڈگری اور بانہال منفی 0.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ میں سردی کی شدت
لداخ میں سردی کا قہر جاری ہے، دراس میں درجۂ حرارت منفی 24.6 ڈگری تک پہنچ گیا۔ پاڈوم میں منفی 20.3 ڈگری، نیوما منفی 21.6 ڈگری، لیہہ منفی 14.4 ڈگری اور ہانلے میں منفی 16.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ نوبرا ویلی، کرگل اور تانگتسے میں بھی پارہ منفی 13 ڈگری سے نیچے رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں کشمیر میں سرد اور خشک موسم 22 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے۔ 16 سے 20 جنوری کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسم کا اثر ٹریفک پر
10 جنوری تک رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے بعد پارا 1 سے 2 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔ جموں ڈویژن کے کچھ علاقوں میں اگلے چار دن تک شدید دھند چھائی رہ سکتی ہے، جس سے سڑک اور ہوائی ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
جموں، کشمیر اور لداخ کا موسم: گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 9 اور دراس میں منفی 24.7 ڈگری سینٹی گریڈ

