ETV Bharat / jammu-and-kashmir
روزگار کی فراہمی ہماری حکومت کی ترجیح: شمیمہ فردوس
شمیمہ فردوس کی قیادت میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی تخمینہ کمیٹی نے پلوامہ میں بنیادی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔

Published : January 4, 2026 at 7:11 AM IST
پلوامہ: جموں و کشمیر اسمبلی کی تخمینہ کمیٹی کی سربراہ شمیمہ فردوس کی قیادت میں ایک وفد نے صنعتی علاقوں کے کام کاج کا جائزہ لینے اور یونٹ ہولڈروں کے مطالبات اور شکایات سننے کے لیے ضلع پلوامہ کے مختلف صنعتی علاقوں کا دورہ کیا۔
سربراہ تخمینہ کمیٹی جموں و کشمیر اسمبلی شمیمہ فردوس، ایم ایل اے راجپورہ غلام محی الدین میر، تخمینہ کمیٹی کے ارکان اور محکمہ کے افسران و اہلکار وفد کا حصہ تھے۔
صنعتی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے اور جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے تخمینہ کمیٹی جموں و کشمیر اسمبلی کی ٹیم نے سمپورہ پامپور، انڈسٹریل اسٹیٹ پلوامہ اور وادی کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ آئی جی سی لاسی پورہ کا دورہ کیا اور انڈسٹریل اسٹیٹس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ٹیم نے اسٹیٹس کے کام کاج، روزگار پیدا کرنے کے لیے نئے صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے زمین کی دستیابی کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا اور اسٹیٹس کو جدید بنانے کے لیے صنعتی یونٹ ہولڈرز کی شکایات اور مطالبات سنے۔
شمیمہ فردوس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے انڈسٹریل اسٹیٹس کو جدید بنانا این سی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونٹ ہولڈرز کے تمام مطالبات اور شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
ایم ایل اے راج پورہ غلام محی الدین میر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں دستیاب اراضی کو روزگار پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں بند یونٹس کو ترجیح دی جائے گی اور روزگار پیدا کرنے کے لیے دوبارہ کھولنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: شمیمہ فردوس کا لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے بجٹ خطاب پر شدید اعتراض، حکومت پر سات سال کی ناکامی کا الزام

